سپریم کورٹ سلمان فاروقی کی محتسب تقرری کا نوٹیفکیشن حلف اٹھانے کا گزٹ طلب

بادی النظرمیں انکی بطورمحتسب تقرری ہوئی نہ انھوں نے حلف اٹھایا،وضاحت کریں کہ تنخواہ چیک پرکیوں جاری کی گئی؟،چیف جسٹس


Numainda Express July 04, 2013
تقرری کانوٹیفکیشن سابقہ تاریخ میں ہوا،عادل گیلانی،پٹیشنرکی جمع کرائی گئی دستاویزات واعتراضات درست معلوم ہوتے ہیں،عدالت فوٹو فائل

سپریم کورٹ نے وزارت قانون سے سلمان فاروقی کی بطور وفاقی محتسب تقرری کا نوٹیفکیشن اور حلف اٹھانے کا سرکاری گزٹ طلب کر لیا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بادی النظر میں تقرری ہوئی نہ سلمان فاروقی نے وفاقی محتسب کے عہدے کا حلف اٹھایا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے بدھ کو وفاقی محتسب کے دفترکو سلمان فاروقی کی چھٹی کا نوٹیفکیشن اور بیرون ملک جانے کا این او سی پیش کرنے کی ہدایت کی ۔عدالت نے اے جی پی آرکو ہدایت کی کہ وہ سلمان فاروقی کو تنخواہ کے اجرا کیلیے بھیجے گئے نوٹیفکیشن کی تصدیق شدہ نقل پیش کریں جبکہ یہ بھی بتایا جائے کہ جو 2تنخواہیں انھیں چیک کی صورت میں جاری کی گئیں،اس کی درخواست کس تاریخ کو آئی تھی؟ اور وضاحت کریں کہ تنخواہ کا اجرا چیک پرکیوں کیا گیا؟۔پرنٹنگ پریس آف پاکستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سلمان فاروقی کے بطور محتسب حلف اٹھانے کے گزٹ کی نقل آج (جمعرات کو)عدالت میں پیش کرے ۔

سماعت کے موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے سید عادل گیلانی اور محتسب سیکریٹریٹ کے لیگل ایڈوائزر پیش ہوئے ۔لیگل ایڈوائزر نے عدالت کو بتایا کہ سلمان فاروقی نے وسیم سجاد کو وکیل مقررکیا ہے تاہم وہ طبیعت کی خرابی کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے اور انھوں نے التواء کی درخواست کی ہے۔ انھوں نے کہا سلمان فاروقی نے جواب داخل کرادیا ہے۔



ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وزارت قانون کی جانب سے سلمان فاروقی کی تقرری کے حوالے سے نوٹیفکیشن کی نقول جن جن اداروںکو بھیجی گئی تھیں، اس حوالے سے جواب آج ہی انھیں موصول ہوا ہے، انھوں نے جواب کے مطالعے کیلیے مہلت کی درخواست کی۔سید عادل گیلانی نے کہاکہ سلمان فاروقی نے22 اپریل کو بطور محتسب نگراں وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی ۔

چیف جسٹس نے کہاکہ نظر یوں آتا ہے کہ تقرری ہوئی اورنہ ہی کوئی حلف برداری ہوئی اور نہ ہی انھوں نے بیرون ملک جاتے ہوئے چھٹی لی،یہ بھی واضح نہیں کہ اگر تقرری ہوئی ہے تو اس کی تاریخ کیا ہے؟۔ بیشتر دستاویزات میں ان کو قائم مقام لکھا گیا ہے جبکہ سلمان فاروقی کے اپنے داخل کردہ جواب میں بھی چھٹی کا کوئی نوٹیفکیشن موجود نہیں ۔عادل گیلانی نے بتایا کہ تقرری کا نوٹیفکیشن سابقہ تاریخ میںکیا گیا ہے۔چیف جسٹس نے محتسب کے لیگل ایڈوائزر سے پوچھا کہ جب ان کا تقرر ہوگیا تھا تو تنخواہ چیک پرکیوں لی گئی؟۔

بعد ازاں عدالت نے تمام ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت آج جمعرات تک ملتوی کردی ۔آئی این پی کے مطابق عدالت نے کہاکہ بظاہر درخواست گزار عادل گیلانی کی جانب سے جمع کرائی جانے والی دستاویزات اور اعتراضات درست معلوم ہوتے ہیں' کوئی شخص عہدہ سنبھالنے سے قبل تنخواہ کیسے وصول کر سکتا ہے؟۔ درخواست گزار عادل گیلانی نے کہا کہ سلمان فاروقی نے 22 اپریل کو بطور نگراں وفاقی محتسب سابق نگراں وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی جبکہ 14مارچ 2013 کو محتسب ایکٹ میں ترمیم کے وقت بھی سلمان فاروقی کو نگران وفاقی محتسب ظاہرکیا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |