ای سی ایل سے متعلق وزارت داخلہ کی بریفنگ مسترد ڈی جی ایف آئی اے طلب

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا ارکان اسمبلی کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر اظہار تشویش


ویب ڈیسک December 12, 2018
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا ارکان اسمبلی کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر اظہار تشویش فوٹو:فائل

سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام ڈالنے سے متعلق وزارت داخلہ کی بریفنگ مسترد کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے اور خیبرپختون خوا حکام کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔

اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس ہوا جس میں انفرادی شخصیات کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے طریق کار پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے دو ارکان محسن داوڑ اور علی وزیر نے بھی شرکت کی جن کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر مصطفی نواز کھو کھر نے کہا کہ لوگوں کو ای سی ایل کے ساتھ واچ لسٹ اور بلیک لسٹ پر بھی ڈالا جا رہا ہے، حمزہ شہباز، محسن داوڑ اور علی وزیر سمیت اسمبلی کے ممبران کے نام ای سی ایل پر ڈال دیئے گئے۔

کمیٹی کی رکن عائشہ فاروق نے کہا کہ زلفی بخاری کو ای سی ایل میں نام کے باوجود بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی، یہ دہرا معیار کیوں رکھا گیا ہے، حمزہ شہباز پر کوئی نیب کیس نہیں اس کے باوجود انہیں بیرون ملک جانے سے روکا گیا، یہ تو بنیادی انسانی حقوق کیخلاف ہے۔

وزارت داخلہ کے حکام نے کہا کہ ای سی ایل میں نام عدالتوں کے کہنے پر اور کابینہ کی منظوری سے ڈالا جاتا ہے، ہمارے ریکارڈ کے مطابق حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل پر نہیں بلکہ بلیک لسٹ پر ہے۔

وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن اور سیکرٹری وزارت داخلہ کو کمیٹی میں طلب کرنے کی تجویز دی۔ کمیٹی نے ای سی ایل کے حوالے سے وزارت داخلہ کی بریفنگ مسترد کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی خیبرپختون خوا، چیف سیکرٹری کے پی اور وزیر داخلہ کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔

لاپتہ افراد کا معاملہ ختم کرنا چاہتے ہیں


سینیٹ کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق نے گمشدگیوں سے متعلق بل کے معاملے پر بھی غور کیا۔ شیریں مزاری نے کہا کہ جمہوریت میں جبری گمشدگیوں کی کوئی گنجائش نہیں، قانون میں تبدیلی لاکر اس معاملے کو حل کرنا چاہتے ہیں، لاپتہ افراد کی تمام فہرستیں منگوا لیں ہیں، لاپتہ افراد کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس معاملے پر اختر مینگل کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی ہے، ہم لاپتہ افراد کا معاملہ ختم کرنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ مسنگ پرسن کے معاملے پر کوشش ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کریں، ہم مسنگ پرسن کی لسٹ منگوا رہے ہیں، آئندہ دو ہفتوں میں جبری گمشدگیوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوگا، جمہوریت میں جبری گمشدگیوں کی کوئی گنجائش نہیں، جو لوگ دس سے 15 سال سے غائب ہیں انکے خاندان کو آگاہ کرناچاہیے، اگر کسی کو اٹھاناہے تو مقدمہ درج کریں اور پیش کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں