گیس بحران پر وزیراعظم کا سوئی سدرن اورسوئی ناردرن کے سربراہان کیخلاف تحقیقات کا حکم

بحرانی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے چیئرپرسن اوگرا کی سربراہی میں چار رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم

صارفین کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے منصوبہ بندی کو مربوط کیا جائے، وزیراعظم فوٹو: فائل

وزیرِ اعظم عمران خان نے گیس بحران پر ایم ڈی سوئی سدرن اورسوئی ناردرن کیخلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سردیاں آتے ہی ملک میں گیس بحران کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وزیر توانائی عمر ایوب، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔


اجلاس کے دوران وفاقی وزیرِ پٹرولیم غلام سرور خان نے گیس کی فراہمی سے متعلق موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز اور سوئی سدرن گیس کمپنی نے بعض گیس کمپریسر پلانٹس کی خرابی چھپائی اور دسمبر میں گیس کی طلب سے متعلق تخمینہ سازی میں بھی غفلت اور نا اہلی کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے بحرانی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل کی سربراہی میں چار رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کردی جب کہ ڈی جی نجکاری کمیشن قاضی سلیم صدیقی، ڈی جی گیس شاہد یوسف اور ڈی جی ایل جی عمران احمد کمیٹی کے ممبر ہوں گے، کمیٹی گیس کی تقسیم کار کمپنیوں کے سسٹم کی ناکامی اور ایم ڈی سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے خلاف الزامات کا جائزہ لے کر 72 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ گیس کی طلب و رسد اورصارفین کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے منصوبہ بندی کو مزید مربوط کیا جائے تاکہ اس حوالے سے مستقبل میں کسی ایسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Load Next Story