سپریم کورٹ کا نجی اسکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کا حکم

نجی اسکولز فیس میں سالانہ 8 فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کرسکیں گے، سپریم کورٹ


ویب ڈیسک December 13, 2018
تمام اسکولز گرمیوں کی چھٹیوں کی آدھی فیس واپس یا ایڈجسٹ کریں، سپریم کورٹ فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے بڑے نجی اسکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کا حکم دیتے ہوئے سالانہ 8 فیصد سے زیادہ اضافہ پر پابندی لگادی اور 21 بڑے اسکولوں کے اکاؤنٹس تحویل میں لینے اور کھاتے ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ نجی اسکولز کو غیر ضروری منافع نہیں کمانے دیں گے۔

سپریم کورٹ میں نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

سپریم کورٹ نے تمام بڑے اسکولز کو بنیادی فیس میں 20 فیصد کمی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نجی اسکولز فیس میں سالانہ 8 فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کرسکیں گے تاہم اسکولز کو ازخود پانچ فیصد سالانہ فیس بڑھانے کا اختیار ہوگا اور پانچ فیصد سے زائد اضافے کیلئے ریگولیٹری اتھارٹی کی اجازت درکار ہوگی، تمام اسکولز گرمیوں کی چھٹیوں کی آدھی فیس واپس کریں یا ایڈجسٹ کریں۔

عدالت نے ایف بی آر کو 21 بڑے اسکولز کے ٹیکس ریکارڈ کی مکمل چھان بین کا حکم دیا اور ایف آئی اے کو فوری طور پر ان اسکولوں کے اکاؤنٹس تحویل میں لینے اور کمپیوٹر، اکاؤنٹنگ رجسٹر اور کھاتے ضبط کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ فیس کے معاملے پر اگر بچے کو نکالا گیا یا اسکول بند کیا تو اس کی ذمہ داری مالکان پر ہوگی۔

قبل ازیں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فیس میں سالانہ اضافے پر اتفاق نہیں ہوسکا، نجی اسکول صرف 8 فیصد فیس میں کمی پر تیار ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا کہ فیس میں آٹھ فیصد کمی کی تجویز ناقابل قبول ہے، میں نے تو فیس میں 20 فیصد کمی کا حکم دیا تھا، ایک اسکول کا ڈائریکٹر 85 لاکھ روپے تنخواہ لے رہا ہے، لاہور گرامر اسکول کے ڈائریکٹر کا چہرہ دیکھنا چاہتا ہوں، کوئی خدا کا خوف بھی ہوتا ہے، بندا روزانہ نوٹ پھاڑنا شروع کرے، ایک ماہ میں 85 لاکھ پھاڑ بھی نہیں سکتا، اتنی بڑی تنخواہ سی ای او اور ڈائریکٹر لے رہے ہیں، کیا ان لوگوں نے یورینیم کی کان لگا رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نجی اسکول مالکان کو اضافی فیسیں واپس کرنے کا حکم

آڈیٹر جنرل حکام نے کہا کہ نجی اسکول نے پانچ افراد کو 512 ملین تنخواہوں کی مد میں ادا کئے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ نجی اسکولز کو غیر ضروری منافع نہیں کمانے دیں گے، سرکاری اسکول اس قابل نہیں کہ والدین بچے بھجوا سکیں، مالکان ایک اسکول سے 250 اسکولوں کے مالک بن گئے۔

طلبہ کے والدین کے وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ ہر سال فیس میں 10 سے 20 فیصد اضافہ کرنے والے اسکول 1 بار 20 فیصد کمی پر تیار نہیں۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ عدالت کو بنیادی فیس کے حوالے سے قانون بنانا پڑے گا۔

چیف جسٹس نے ایف آئی اے اور ایف بی آر کے سربراہان کو فوری طور پر عدالت میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کا فرانزک آڈٹ کرائیں گے، مالکان ایک کمرہ کے اسکول سے اب صنعت کار بن گئے ہیں۔

عدالت نے ایف بی آر کو لاہور گرائمر اسکول کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کو ابھی فون پر آگاہ کیا جائے، اکاؤنٹس کا مکمل ریکارڈ اور کمپیوٹر بھی تحویل میں لے لیے جائیں، لاہور گرائمر اسکول کے ڈائریکٹر کا پانچ سالہ ٹیکس ریکارڈ بھی پیش کیا جائے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ تعلیمی ادارے کارپوریٹ ٹیکس ادا نہیں کرتے اور صرف اِنکم ٹیکس ادا کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |