ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

ایونٹ ستمبر 2020 میں ورلڈ ٹی 20 سے قبل کھیلا جائے گا

ایونٹ ستمبر 2020 میں ورلڈ ٹی 20 سے قبل کھیلا جائے گا- فوٹو: فائل

ایشین کرکٹ کونسل نے اگلے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو سونپ دی۔

ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی ہے، یہ ایونٹ ستمبر 2020 میں ورلڈ ٹی 20 سے قبل کھیلا جائے گا، اس لیے یہ ایک بار پھر مختصر ترین فارمیٹ میں ہی منعقد ہوگا، اس بات کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے ڈھاکا میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، 10برس میں پہلی بار پاکستان کو اس ٹورنامنٹ کی میزبانی ملی تاہم وینیوزکے بارے میں غیریقینی بھی موجود ہے۔


ایشین کرکٹ کونسل کے نئے صدر نظم الحسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہوگا، میزبانی حقوق اس کے نام ہوگئے ہیں، اب یہ اس پر منحصر ہے کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد کہاں کرتا ہے، حال ہی میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی بھارت کے پاس تھی انہوں نے متحدہ عرب امارات میں ایونٹ کا انعقاد کیا تھا، پی سی بی بھی ایسا کرسکتا ہے، پاکستان اور بھارت کو باہمی طور پر زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلنا چاہیے۔

ایشین کرکٹ کونسل خطے میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی غور کررہی ہے، اس سلسلے میں چیف ڈیولپمنٹ آفیسر اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ہمارے پاس ایشین کرکٹ کی ڈیولپمنٹ کے لیے طویل المدتی پروگرام موجود ہے، اس کا آغازانڈر 16، 19 سے کرتے ہوئے اسے ایشیا کپ تک لے جانا چاہتے ہیں۔

احسان مانی نے کہا کہ یہ صرف کرکٹ تک ہی محدود نہیں ہوگا بلکہ ہم اپنے امپائرز اور میچ ریفریز کی بھی ڈیولپمنٹ کریں گے، ہماری بنیادی توجہ ایشیائی کرکٹ کو مضبوط کرنے پر مرکوز ہوگی، یہ کھیل کے حوالے سے ایک مضبوط خطہ ہے، افغانستان نے کرکٹ میں سرمایہ کاری کی، اسی لیے وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا فل ممبر بن گیا، ہم زیادہ اقوام کی تلاش میں ہیں، اومان، ہانگ کانگ اور سعودی عرب اچھا کھیل رہے ہیں، وہ خود کو اگلے لیول تک لے جا سکتے ہیں، ہم ان ممالک میں کرکٹ کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے۔
Load Next Story