شہر کی 108 سڑکوں پر ایل ای ڈی انرجی سیونگ لائٹس لگانے کا فیصلہ

لائٹس لگانے کے معاہدے پر میئر کراچی وسیم اختر اور چینی کمپنی زیان روڈ کے نمائندے نے دستخط کیے۔

میئر اور چینی کمپنی کے نمائندے سڑکوں پرا نرجی سیونگ لائٹس لگانے کے معاہدے پر دستخط کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کی تمام 108 سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی انرجی سیونگ لائٹس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی چائنا کی معروف انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے اشتراک سے شہر میں اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو جدید اور سولر نظام پر منتقل کرنے کیلیے کام شروع کررہی ہے۔ شہر میں اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی انرجی سیونگ لائٹس میں تبدیل کیا جا سکے،اس سے شہر میں اسٹریٹ لائٹس میں بہتری اور انرجی میں بچت ہوگی،منصوبے کے تحت بلدیہ عظمیٰ کی تمام 108 سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی انرجی سیونگ لائٹس میں تبدیل کیا جائے گا۔


منصوبے پر عمل درآمد کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور چین کی زیان روڈ کنسٹرکشن مشینری کمپنی(XRMC)کے درمیان جمعہ کو کے ایم سی صدر دفتر میں مفاہمتی یادداشت(MoU)پر دستخط کیے گئے جس کے تحت چین کی سب سے بڑی روڈ بلڈنگ مشینری کراچی میں انرجی سیونگ اسٹریٹ لائٹس کا نظام قائم کرنے میں مدد فراہم کرے گی، معاہدے پر میئر کراچی وسیم اختر اور چینی کمپنی کے نمائندے نے دستخط کیے۔

اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس ریحان خان اور میکینکل اینڈ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ بلدیہ عظمیٰ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے کراچی میں اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو جدید خطوط پر ترقی دینا چاہتی ہے جس کے لیے ایل ای ڈی انرجی سیونگ لائٹس نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور بجلی کے استعمال کی وجہ سے وسائل پر بوجھ کے پیش نظر کم خرچ اور بہتر کارکردگی کی حامل اسٹریٹ لائٹس ایک بہتر انتخاب ہے۔
Load Next Story