کراچی جیل میں رینجرز کا آپریشن کالعدم تنظیموں کی بیرکوں کی تلاشی

رینجرز اہلکاروں نے جیل سے متصل غوثیہ کالونی کے گھروں کی بھی تلاشی

سرچ آپریشن کے دوران قیدیوں سے اہل خانہ کی ملاقات پر پابندی تھی فوٹو: فائل

سندھ رینجرز کے اہلکار سینٹرل جیل میں سرچ آپریشن کررہے ہیں اور اس دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کی بیرکوں کی خصوصی تلاشی لی جارہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ رینجرز کے اہلکار خفیہ اطلاعات کی روشنی میں کراچی سینٹرل جیل اور اس سے متصل جووینائل جیل میں سرچ آپریشن کررہے ہیں، اس کے علاوہ رینجرز اہلکاروں نے سینٹرل جیل سے متصل غوثیہ کالونی میں واقع گھروں کی بھی تلاشی لی اور مکینوں کی کوائف جمع کیے۔


سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے بیرکوں کی خصوصی تلاشی لی جارہی ہے اور قیدیوں سے مختلف قسم کی معلومات بھی حاصل کی جارہی ہے۔ اس دوران قیدیوں کی ان کے اہل خانہ سے ملاقات پر بھی پابندی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران قیدیوں سے ممنوعہ اشیا بھی ملنے کی اطلاعات ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی سینٹرل جیل میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشتگردوں کی بڑی تعداد قید ہے، چند برس قبل زیر زمین سرنگ کھود کر جیل پر حملے کی سازش بھی پکڑی گئی تھی۔
Load Next Story