پاکستان اور چین کے درمیان 8 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

3 سال میں 440 ملین ڈالر کی لاگت سے کاشغر سے اسلام آباد تک فائبر آپٹک سسٹم بچھانے کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے۔


ویب ڈیسک July 05, 2013
3 سال میں 440 ملین ڈالر کی لاگت سے کاشغر سے اسلام آباد تک فائبر آپٹک سسٹم بچھانے کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے۔ فوٹو: پی پی آئی

وزیراعظم نواز شریف کے دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے 8 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے چین کے دورے کے تیسرے دن چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ سے بیجنگ کے گریٹ ہال آف پیپل میں ون آن ون ملاقات کی، ملاقات میں خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال اور بالخصوص افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلاء کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ وہ نواز شریف اور پاکستانی عوام کی چین کی قیادت اور عوام سے محبت کو سراہتے ہیں۔

مذاکرات کے بعد پاکستان اور چین نے 8 مختلف معاہدوں پر دستخط کیے، جن میں 3 سال میں 440 ملین ڈالر سے کاشغر سے اسلام آباد تک فائبر آپٹک سسٹم بچھانے، معاشی و فنی تعاون کو فروغ دینے، پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کے لیے تعاون، تعلیم کے لیے سود سے پاک قرضے کی فراہمی، ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تربیت کے معاہدوں کے علاوہ کراچی سے لاہور تک موٹروے بنانے کا معاہدہ بھی شامل ہے، اس کے علاوہ پنجاب میں شمسی ،ونڈ انرجی سمیت مختلف تعمیراتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ 2 ہزار میگاواٹ کے کول منصوبے پر بھی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے چینی کمپنیوں کے سربراہوں کے وفد نے ملاقات کی اورسرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار رنگ روڈ، میڑو بس سروس اور دیگر اہم منصوبوں کی طرح پنجاب میں مزید سرمایہ کاری کریں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ،چین کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں