پی سی بی نے دانش کنیریا کے کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی لگادی

2009 میں کاؤنٹی کے دوران انگلش کھلاڑی ماورن ویسٹ فیلڈ پراسپاٹ فکسنگ کیلئےدباؤ ڈالنے پردانش کنیریا کو گرفتارکیا گیاتھا


ویب ڈیسک July 05, 2013
دانش کنیریا نے اپنی سزا کے خلاف انگلش بورڈ میں اپیل کی تاہم انگلش ڈسپلنری کمیشن نے کنیریا کی اپیل مسترد کرتے ہوئے تاحیات سزا کا فیصلہ برقرار رکھا۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے دانش کنیریا پر تاحیات پابندی کی توثیق کرتے ہوئے انہیں کسی بھی قسم کی کرکٹ کی سرگرمی میں حصہ لینے سے روک دیاہے۔

2009 میں کاؤنٹی کے دوران انگلش کھلاڑی ماورن ویسٹ فیلڈ پراسپاٹ فکسنگ کے لئے دباؤ ڈالنے پر دانش کنیریا کو گرفتار کیا گیا تاہم 2010 میں انہیں رہا کر دیا گیا ، فروری 2012 میں انگلش کرکٹر ماورن ویسٹ فیلڈ کے خلاف تحقیقات کے دوران ایک بار پھر پاکستانی بولر کا نام سامنے آیا،جون 2012 میں دونوں کھلاڑیوں کو کرکٹ کرپشن میں ملوث پایا گیا جس کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے کاؤنٹی میچ میں اسپاٹ فکسنگ کا جرم ثابت ہونے پر32 سالہ ٹیسٹ بولر دانش کنیریا پر تاحیات پابندی لگا دی ، دانش کنیریا نے اپنی سزا کے خلاف انگلش بورڈ میں اپیل کی تاہم انگلش ڈسپلنری کمیشن نے کنیریا کی اپیل مسترد کرتے ہوئے تاحیات سزا کا فیصلہ برقرار رکھا۔

آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 9 کے مطابق کسی بھی کرکٹ بورڈ کی طرف سے پابندی کا مطلب تمام بورڈز کا اسے تسلیم کرنا ہوتا ہے لہذا دانش کنیریا اب پاکستان میں بھی کسی قسم کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے، اس موقع پر سابق اسپنر دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ پی سی بی محمد عامر اور سلمان بٹ کے لئے تو نرم گوشہ رکھتی ہے لیکن اقلیتی مذہب سے تعلق رکھنے کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ ان سے تعاون نہیں کررہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔