ویمن امپاورمنٹ جامعہ کراچی میں 5 فیکلٹی کی ڈینز خواتین پروفیسر

شہناز غازی کلیہ معارف اسلامی، نسرین اسلم فنون وسماجی علوم، ڈاکٹر راحیلہ فارمیسی کی ڈین ہیں


Safdar Rizvi December 16, 2018
میڈیسن کی ڈین نرجس خاتون، پہلی بار 5 بڑی فیکلٹی کے ڈین کے عہدے خواتین کے پاس ہیں۔ فوٹو؛ فائل

بااختیارخواتین کے عالمی رجحان کاایک مظاہرہ حسن اتفاق سے جامعہ کراچی میں دیکھنے میں آیا ہے اورجامعہ کی تاریخ میں پہلی بار 8 میں سے 5 بڑی فیکلٹی کے ڈینزکے عہدے پر خواتین پروفیسرتعینات ہوگئی ہیں۔

سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے حال ہی میں پروفیسرڈاکٹرشہناز غازی کوجامعہ کراچی کے کلیہ معارف اسلامی(فیکلٹی آف اسلامک لرننگ) کاڈین مقررکیاگیا ہے۔ ڈاکٹرشہنازغازی کی تقرری کے نوٹیفیکیشن کے اجرا کے بعد انھوں نے اپنے منصب کاچارج سنبھال لیا ہے۔

اس تقرری کے ساتھ ہی جامعہ کراچی کے7 مختلف فیکلٹیز(کلیہ جات)میں سے 5 اہم فیکلٹیز میں ڈینزکے عہدے پر خواتین پروفیسرز تعینات ہوگئی ہیں اوربیک وقت 5 فیکیلٹیزمیں رئیس کلیہ جات خواتین ہیں۔

یاد رہے کہ اس وقت جامعہ کراچی میں انجمن اساتذہ کی صدربھی ایک خاتون پروفیسرڈاکٹرانیلا امبرملک ہیں جوبربنائے عہدہ فپواسا سندھ کی بھی صدرہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کلیہ فنون وسماجی علوم میں پروفیسرڈاکٹرنسرین اسلم شاہ کا بطوررئیس کلیہ تقررکیا جا چکاہے جوپروفیسرڈاکٹراحمد قادری کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی24دسمبرکواپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گی جبکہ کلیہ فارمیسی میں سینیارٹی میں تیسرے نمبر پرموجود پروفیسرڈاکٹر راحیلہ کو ڈین مقررکیا گیا ہے۔

کلیہ سائنس میں پہلے ہی سے پروفیسرتسنیم آدم علی اورکلیہ میڈیسن میں نرجس خاتون رئیس کلیہ کے طورپرکام کررہی ہیں جبکہ کلیہ تعلیم(فیکلٹی آف ایجوکیشن) کے ڈین پروفیسرناصرسلیمان ہیں ۔

کلیہ انتظام وانصرام میں ڈین کے عہدے پر پروفیسرڈاکٹرطاہرفائزہیں اور کلیہ قانون میں ڈین کے عہدے پرجسٹس(ر)غوث محمد شیخ الجامعہ کے ایک نوٹیفیکیشن کے تحت کام کر رہے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔