ایف آئی اے کو اسکول اکاؤنٹس منجمد کرنے سے روک دیا گیا

فارنسک رپورٹ کے بعد اسکولوں کے اکاؤنٹس منجمد کرنے یانہ کرنے کا فیصلہ کیاجائے گا۔


Adil Jawad December 16, 2018
فیصلہ زیر تعلیم طلبہ کو درپیش ممکنہ مشکلات کے پیش نظر کیا گیا۔ فوٹو: فائل

ایف آئی اے کو نجی اسکولوں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سے روک دیا گیا ہے تاہم اسکولوں کی فارنسک رپورٹ کی روشنی میں اکاؤنٹس کومنجمدکرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی ایف آئی اے ہیڈکواٹرز کی جانب سے تمام زونل ڈائریکٹرزکو ایک مراسلہ جاری کیا گیا تھا جس میں ہدایت کی گئی تھی کی فراہم کردہ فہرست میں شامل تمام نجی اسکولوں کا ریکارڈ تحویل میں لے کر ان کے اکاؤنٹس منجمد اوراسکولوں کے چیف ایگزیکٹو اور مالکان کے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

جاری مراسلے میں ایف آئی اے کو ہدایت کی گئی تھی کہ فارنسک آڈٹ کی رپورٹ 15 روز میں مکمل کی جائے، اس حکم نامے پر عمل کرتے ہوئے ایف آئی اے نے جمعے کو نجی اسکولوں میں چھاپے مار کر تمام ریکارڈ تحویل میں لے لیا تھا اور ان کی اکاؤنٹس کی تفصیلات اور انھیں منجمد کرنے کیلیے اسٹیٹ بینک سے رابطہ کیا مگر جمعہ کی رات گئے ایف آئی اے ہیڈکواٹرز جاری ایک نئے مراسلے میں نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کرنے والے ایف آئی اے کے متعلقہ افسران کونجی اسکولوں، انتظامی افسران اور مالکان کے اکاؤنٹس منجمد کرنے سے روک دیاگیا ہے۔

نئی ہدایات کے مطابق اب اسکولوں کی فارنسک رپورٹ کی روشنی میں اکاؤنٹس کو منجمد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جا ئے گا، ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ نجی اسکولوں میں زیر تعلیم طلبا کو درپیش ممکنہ مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نجی اسکول انتظامیہ نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ اگراسکول کے اکاؤنٹس منجمد کیے گئے تو وہ اسکول بندکرنے پر مجبور ہوجائیں گے، جن اسکولوں کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں ان میں سٹی اسکول، سٹی اسکول سسٹمز، بیکن ہاؤس اسکول سسٹمز، جنریشن اسکول، بے ویو اکیڈمی، لاہور گرامر اسکول، روٹس اسکول سسٹمز، روٹس ملینیم اسکولز، لرننگ الائنس، لاہور کالج آف آرٹس، فربلز ایجوکیشن سنٹر، ہیڈ اسٹارٹ اسکول، ریسورس اکیڈمیا، سلامت اسکول سسٹمز، الائنس ریسورسز، سویلائزیشن اسکول، دی لرننگ ٹری اسکول، سٹی پبلک اسکول اور ایڈن اسکول سسٹمز شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں