حکومت سے جلد جان چھڑا کر قبل از وقت الیکشن کرائیں گے آصف زرداری

گرفتار ہوا تو کیا ہوگا، جیل میرا دوسرا گھر ہے، سابق صدر


ویب ڈیسک December 16, 2018
پی ٹی آئی حکومت انڈر 16 کھلاڑی ہے، سابق صدر فوٹو:فائل

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سے جلد جان چھڑا کر قبل از وقت الیکشن کرائیں گے اور اگر گرفتار ہوا تو کیا ہوگا کیونکہ جیل تو میرا دوسرا گھر ہے۔

ٹنڈو الہیار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت سے جلدی جان چھڑا کر اور گھر بھیج کر ملک کو بنائیں گے اور قبل از وقت الیکشن کرائیں گے اور پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی، پی ٹی آئی حکومت کو نہ مانگنا آتا ہے نہ دکھانا آتا ہے، یہ صرف لینے والے ہیں، جس کو اچانک طاقت مل جاتی ہے اس کا دماغ خراب ہو جاتا ہے، لوگوں سے گلہ ہے کہ کیوں کٹھ پتلی حکومت بناتے ہیں، آپ نے بانی ایم کیوایم کو بنایا آج وہ کسی اور کا بن چکا۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت لوگوں سے روزگار چھین رہی ہے، کراچی کی ایمپریس مارکیٹ کو توڑ دیا گیا، یہ مارکیٹ 50 سال پرانی تھی جو بچپن سے مجھے یاد ہے، روزگار دینے کے بجائے عوام سے روزگار چھینا جارہا ہے، تجاوزات گرانے سے پہلے لوگوں کو نوٹس دینا چاہیے تھا، ملک کے موجودہ حالات پر افسوس ہے، کراچی ملکی معیشت کا 63 فیصد دیتا ہے واپس کیا ملتا ہے؟ ہم صرف اپنا حصہ مانگ رہے ہیں، ڈنڈے سے ٹیکس نہیں لیا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: جس کی نوکری کی مدت 3 سال ہو اسے قوم کے فیصلے کرنے کا کیا حق

آصف علی زرداری نے کہا کہ گرفتار ہوا تو کیا ہوگا، جیل میرا دوسرا گھر ہے، پکڑ دھکڑ چھوڑ کر ملکی مسائل پر توجہ دیں، ہم نہیں چاہتے کہ ادارے کمزور ہوں کیونکہ ایسا ہوا تو ایک اور طاقت کھڑی ہے جو جارحانہ اور جنونی سوچ رکھتی ہے، اسی لیے ہم حکومت کو گنجائش دیتے ہیں لیکن اسے غلط فہمی ہے کہ ہم اس سے ڈرتے ہیں یا اس سے اقتدار لے لیں گے، ہم اس سے صرف غیر جانبداری چاہتے ہیں اختیار اور اقتدار ہم خود لے لیں گے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سیاست سوچ سمجھ کر کی جاتی ہے، موجودہ حکومت انڈر 16 کھلاڑی ہے، حکومت تب ہی مضبوط ہوگی جب صوبے ساتھ ہوں گے، یہ اب کہتے ہیں کہ سو دن کم ہیں، ہم نے اپنے 100 روز میں مشرف کو نکالا تھا۔ آصف زرداری نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی شہیدوں کی قربانیوں سے انحراف ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں