بھارت سے سیریز کا نہ ہونا پاکستان کو 80 ملین ڈالرز نقصان

باہمی سیریز کیلیے تمامتر کاوشوں کو ہمسایہ ملک سے مثبت جواب نہیں آیا


Sports Desk July 06, 2013
پی سی بی کو ستمبر میں نئے چار سالہ نشریاتی معاہدے میں بھی پریشانی رہے گی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بھارت سے باہمی سیریز کا انعقاد نہ ہوپانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو 80 ملین امریکی ڈالر کے نقصان کا سامنارہا، جو دبئی میں قائم اسپورٹس چینل سے نشریاتی معاہدے میں ہوا، جس کااختتام گذشتہ ماہ ہوگیا۔

بھارتی خبررساں ادارے نے پی سی بی کے سینئر آفیشلز کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان نے گذشتہ چار برسوں میں بھارت سے کوئی باہمی ہوم سیریز نہیں کھیلی ، جس پر مذکورہ چینل سے ہونے والی مجموعی طور پر 135 ملین کی ڈیل میں 80 ملین ڈالر خسارے کا سامنا رہا، بورڈ آفیشلز نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ دبئی میں قائم چینل سے ہونیو الے ہمارے معاہدے میں واضح طور پر یہ شق شامل تھی کہ چار سالہ دورانیے میں ہمیں بھارت سے کم از کم دو ہوم سیریز کھیلنا ہوں گی جس پر ہمیں 135 کی مجموعی ڈیل میں اندازاً80 سے 85 ملین ڈالرز ملتے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوسکا، بھارت سے چار برس کے دوران ہماری کوئی ہوم سیریز منعقد نہیں ہوپائی، جس کا خمیازہ ہمیں بھاری مالی نقصان کی صورت اٹھانا پڑا ہے۔



آفیشل نے مزید کہا کہ پی سی بی کیلیے ستمبر میں چار برس کی نئی ڈیل کے لیے پیشکشیں طلب کرنا مشکل ہوگا، ہمیں اسی طرح کے مسائل کا سامنا رہے گا جس سے ہم چار برس قبل دوچار تھے، ایک مرتبہ پھر براڈ کاسٹرز چاہیں گے وہ بھارت کے ساتھ سیریز کے انعقاد سے معاہدے کو مشروط کردیں،جس کا نقصان ہمیں ممکنہ آمدنی میں نقصان کی صورت ہوگا، آفیشل نے واضح کیا کہ براڈ کاسٹرز کو بھارت سے ہماری ہوم سیریز ' نیوٹرل وینیو' پر بھی منعقد ہونے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، تاہم ہمارے لیے پریشانی کا سبب یہ ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ممبئی حملوں کے بعد سے پاکستان کیخلاف کسی تیسرے ملک میں بھی کھیلنے پر آمادہ نہیں ہے۔

پاکستان نے گذشتہ برس دسمبر میں مختصر سیریز کیلیے بھارت کا دورہ کیا تھا، جو 2007 کے بعد دونوں ممالک میں پہلا باہمی ٹاکرا تھی لیکن 2008 کے بعد سے بھارت پاکستان سے کھیلنے سے گریزاں ہے، اس نے 2009 میں پاکستان کا طے شدہ دورہ بھی منسوخ کردیا تھا، آفیشل نے کہا کہ ابھی تک اس منسوخ کیے گئے دورے کی کوئی تلافی نہیں ہوئی ہے، پاکستان نے باہمی سیریز کھیلنے کیلیے بھارت کو قائل کرنے کی ہرممکن کوشش کی لیکن تاحال اس میں انھیں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوپائی ہے، اگرچہ دونوں ممالک کے پاس اگست میں جگہ بھی موجود ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں