فیفا کی پابندی کیمرون کی ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کو خطرہ

ورلڈ گورننگ باڈی کا اقدام ’شرمناک ‘ ہے، نوجوان پلیئرز کا مستقبل تاریک ہوجائے گا، کیمرون فٹبال ترجمان


Sports Desk July 06, 2013
ورلڈ گورننگ باڈی کا اقدام ’شرمناک ‘ ہے، نوجوان پلیئرز کا مستقبل تاریک ہوجائے گا، کیمرون فٹبال ترجمان۔ فوٹو: فائل

کیمرون فٹبال فیڈریشن نے عبوری معطلی عائد کیے جانے کے فیصلے پر فیفا پر شدید تنقید کی ہے۔

کیمرون فٹبال فیڈریشن (فیسافوٹ ) کو ورلڈ گورننگ باڈی نے گورننس کے معاملات پر تمام ایونٹس سے عبوری معطل کردیا ہے،کیمرون فٹبال کے ترجمان جونیئر بنیام نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ معطلی کا فیصلہ شرمناک ہے، جس سے ملک کے نوجوان فٹبالرز کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہوں گے جو بیرون ممالک کھیلنا چاہتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہم اپنے کسی فٹبالر کو انٹرنیشنل ٹرانسفر سرٹیفیکٹ نہیں دے پائیں گے جس کی وجہ سے آرسنل جیسے کلبز میں کھیلنے کے ملنے والے مواقع کھوبیٹھیں گے، کیمرون نے ہفتے کو افریقن نیشنز چیمپئن شپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں گیبون کا بھی سامنا کرنا تھا لیکن پابندی کی وجہ سے یہ میچ بھی منعقد نہیں ہوسکا، بنیام نے مزید کہا کہ اگر ستمبر تک ہم پر عائد پابندی نہیں اٹھائی گئی تو کیمرون ورلڈ کپ کوالیفائرز میں بھی شریک نہیں ہوپائے گا، ہمیں امید ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی جلد اپنا کام شروع کردے گی تاکہ ہم پر سے یہ پابندی ختم ہوسکے۔



واضح رہے کہ فیفا نے جمعرات کو کیمرون فٹبال فیڈریشن پر حکومتی مداخلت کے سبب تمام بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت پر پابندی عائد کردی تھی، یہ فیصلہ فیڈریشن کے موجودہ صدر کے دوبارہ منتخب ہوجانے کے ایک ہفتے بعد کیا گیا، ان پر فیڈریشن کے فنڈز میں خوردبرد کے الزامات ہیں۔

فیفا نے اپنے اعلامیے میں کہا تھا کہ عبوری معطلی کے دور میں کیمرون کی ٹیم کسی ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکے گی، یہ پابندی صرف اسی صورت میں اٹھائی جائے گی جب کیمرون حکام اسپیشل کمیٹی کو فیڈریشن کے معاملات چلانے کی اجازت دیں گے جس میں ان کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا، کمیٹی کے ممبران کا تقرر فیفا اور افریقن فٹبال کنفیڈریشن کرینگے، کیمرون کو نئے الیکشن آئندہ برس 31 مارچ تک لازمی کرانا ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں