اینگروکافرٹیلائزربزنس گزشتہ ششماہی میںنقصان سے دوچار

کمپنی کی مقامی یوریا کی فروخت 3لاکھ 97ہزار ٹن رہی جو گزشتہ سال کی 5لاکھ 75ہزار ٹن کی فروخت سے 31فیصد کم ہے


Business Reporter August 20, 2012
سبسڈائزدرآمدی یوریانے کمپنی کی فروخت گرادی،فوڈودیگربزنس منافع میں رہے۔ فوٹو: فائل

اینگروکارپوریشن کے فرٹیلائزربزنس کو قدرتی گیس کی قلت کے باعث30 جون 2012 کو ختم ہونے والی ششماہی کے دوران سب سے زیادہ نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔ کمپنی کا بورڈ آف ڈائریکٹر اجلاس گزشتہ دنوں ہوا جس میں بتایا گیا کہ کمپنی کا نیا پلانٹ نیٹ ورک پر گیس کی کمی کے باعث صرف ایک ماہ کیلیے اپنا کام کرسکا، قدرتی گیس کی کمی کے ساتھ حکومت کی جانب سے سبسڈی پر فراہم کی جانے والی سستی درآمدی یوریا کے باعث کمپنی کی مقامی یوریا کی فروخت 3لاکھ 97ہزار ٹن رہی جو گزشتہ سال کی 5لاکھ 75ہزار ٹن کی فروخت سے 31فیصد کم ہے، نقصان کی وجوہ میں فروخت و شرحِ منافع میں کمی، فرسودگی اور نئے پلانٹ کے پوسٹ کمیشن کے اخراجات شامل ہیں۔

2012کی پہلی ششماہی میں فوڈ کا کاروبار 45 فیصد اضافے کے ساتھ 19.8ارب روپے رہا جبکہ گزشتہ سال اس ہی دورانیہ میں13.7ارب روپے تھا، اس دوران 1.02ارب روپے کا منافع ہوا جوگزشتہ سال کی پہلی ششماہی میں 216ملین روپے کے منافع سے 368فیصد زیادہ ہے۔

علاوہ ازیں کمپنی کی جانب سے کینیڈا کی حلال فوڈز کمپنی الصفا کا منافع 2012 کی پہلی ششماہی میں5.7ملین کینیڈین ڈالر رہا، پٹروکیمیکل کے کاروبار نے 2012کی پہلی ششماہی میں مقامی PVCکی فروخت 62ہزار ٹن رہی جوگزشتہ سال اسی دورانیے میں 55ہزار ٹن تھی، اس کاروبار میں30 جون 2012 کو ختم ہونے والے 6ماہ میں 59ملین روپے کا منافع ہوا جبکہ 2011کی اسی مدت میں 195ملین روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

منافع کی بنیادی وجہ گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ فروخت ہے، اس سال کی پہلی ششماہی میں اینگرو پاور جین پلانٹ نے نیشنل گریڈ کو 870.2GWh بجلی مہیا کی جبکہ ادارے نے 100.8فیصد سپلائی کا بھی مظاہرہ کیا، اس کاروبار میں بھی منافع ہوا جس کی بنیادی وجہ گیس کے استعمال میں بہتری اور نیشنل گریڈ کیلیے سپلائیز اور بھروسہ ہے، 30جون 2012تک پیپکو پر واجب الادا قیمت 5317 ملین روپے تھی جبکہ 2012کی پہلی ششماہی میں پیپکو نے 4379 ملین روپے ادا کیے، کیمیکل اسٹوریج اور ہینڈلنگ کے کاروبار اینگرو ووپاک ٹرمینل لمیٹڈ کے آپریشنز ہموار رہے اور پہلی ششماہی میں 673ملین روپے کا نیٹ منافع ہوا جبکہ گزشتہ سال اسی دورانیے میں نیٹ منافع 478ملین روپے تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں