امریکی اعانت سے 95 پاکستانی طالب علم امریکا روانگی کے لیے تیار

حکومت امریکا سارے تعلیمی عرصے کے دوران اس پروگرام کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔

گروپ میں پنجاب سے 36 طلبا، سندھ سے 28، خیبرپختونخوا سے20، گلگت بلتستان سے14، بلوچستان سے9، آزاد جموں و کشمیر سے4، فاٹا سے 3 اور دارالحکومت اسلام آباد سے2طلبا شامل ہیں. فوٹو: فائل

امریکی سفارتخانہ کے ناظم الامور سفیر رچرڈ ہوگلینڈ نے حکومت امریکا کی اعانت سے چلنے والے گلوبل انڈر گریجویٹ (گلوبل یو جی آر اے ڈی) پروگرام کے تحت انڈرگریجویٹ تعلیم کیلیے امریکا روانہ ہونے والے95 پاکستانی طالب علموں کو مبارکباد پیش کی ہے۔


انھوں نے کہا کہ امریکا ہر سال متعدد تبادلہ پروگراموں کے تحت آنیوالے ایک ہزار سے زیادہ پاکستانی طالب علموں کو اپنے ملک میں خوش آمدید کہتا ہے جو پاکستان کے نوجوانوں کے حوالے سے امریکی عزم کی گہرائی کی عکاسی کرتا ہے، امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام گلوبل انڈر گریجویٹ (گلوبل یوجی آر اے ڈی) کے تحت95 پاکستانی طالب علم امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ایک سیمسٹر کی تعلیم حاصل کرنے کیلیے جلد امریکا جائیں گے، حکومت امریکا سارے تعلیمی عرصے کے دوران اس پروگرام کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔

یونائیٹڈ ایجوکیشنل فائونڈیشن ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی) اس پروگرام کا اہتمام کرتی ہے، اس گروپ میں بہت سے ایسے طلبا ہیں جو پاکستان کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں، گروپ میں پنجاب سے 36 طلبا، سندھ سے 28، خیبرپختونخوا سے20، گلگت بلتستان سے14، بلوچستان سے9، آزاد جموں و کشمیر سے4، فاٹا سے 3 اور دارالحکومت اسلام آباد سے2طلبا شامل ہیں، اس گروپ میں54 فیصد طالب علم خواتین ہیں، طلبا ہیومینٹیز، سماجی علوم، انجینئرنگ، بنیادی علوم، قانون، آرٹ اینڈ ڈیزائن، معاشیات اور بزنس ایڈمنسٹریشن سمیت کئی شعبوں میں ڈگری مکمل کریں گے، یہ طلبا امریکا بھر میں قائم 50 سے زائد مختلف کالجوں اور جامعات میں تعلیم حاصل کریں گے۔
Load Next Story