پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم سیاہ منایا گیا

دہشت گرد جنوبی پنجاب سے آرہے ہیں، تاج حیدر،امن کیلیے سیاسی حل موجود ہے، قادر پٹیل


دہشت گرد جنوبی پنجاب سے آرہے ہیں، تاج حیدر،امن کیلیے سیاسی حل موجود ہے، قادر پٹیل۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام جمعہ 5جولائی کو ملک بھر میں یوم سیاہ منایا گیا اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے تحت احتجاجی تقاریب اور سیمینارز کا انعقادکیا گیا۔

کراچی میں پیپلز سیکریٹریٹ میں یوم سیاہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے پیپلزپارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور شہید بھٹو کا مشن جاری رکھا جائے گا۔ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر نے کہا کہ تاریخ کی نظر میں سپریم کورٹ نے جو فیصلے دیے ہیں وہ ظالمانہ ہیں، جنوبی پنجاب میں دہشت گردوں کے کیمپ لگے ہوئے ہیں اور وہ کراچی میں بھی دہشت گردی کرتے ہیں۔عبدالقادرپٹیل نے کہا کہ اگرکراچی میںسیاسی، سماجی اور معاشی تقسیم برابر ی کی بنیاد پر ہوگی تو سب مسائل حل ہوجائیں گے،کراچی کا حل سیاسی ہے اگر تمام جماعتوں مسلم لیگ، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کو برابر ی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ ملے گا تو کوئی بھی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا، یہ شہر پر امن رہے گا۔ سازش کے تحت کراچی کا امن تباہ کیا جارہا ہے تاکہ ایک دن سپریم کورٹ اور وفاق بھی کہے کہ سندھ حکومت ناکام ہوچکی ہے اس لیے صوبے کو گورنر کے ذریعے کنٹرول کیا جائے۔



کراچی میں جو فورسز کا رروائی کر رہی ہیں وہ وزیر اعلیٰ کے احکام نہیں مانتیں، پرویز مشرف کا ساتھ دینے والے آج نوازشریف کی کابینہ کا حصہ ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ اگر پرویز مشرف کے خلاف 3 نومبر سے کارروائی کی جاتی ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ تقریب سے پروفیسر این ڈی خان ،سینیٹرسعید غنی، اراکین سندھ اسمبلی جاوید ناگوری، شمیم ممتاز،کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل، نجمی عالم، لطیف مغل ، حبیب الدین جنیدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔دریں اثنا پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی پنجاب کے صدرمنظوروٹو نے کہاکہ جنرل ضیا نے ملک کو آئین اورایٹم بم دینے والے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی ۔ کشکول توڑنیکی باتیں کرنیوالے نواز شریف نے ڈبل کشکول اٹھا لیا ہے ،کارکن دل برداشتہ نہ ہوں ،ہم سے الیکشن چھینا گیالیکن ہم بھاگیں گے نہیں بلکہ میدان میں رہ کر مقابلہ کریں گے ۔ تقریب سے پیپلزپارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی، تنویر اشرف کائرہ،نوید چوہدری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں