انڈر 19 ورلڈکپ آسٹریلیا کوارٹر فائنل پاکستان اور بھارت میں آج پنجہ آزمائی

پاکستان اور بھارت کی جونیئر سائیڈز پیر کو انڈر 19ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں مدمقابل آرہی ہیں

قومی ٹیم تین فرنٹ لائن اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گی، ان فارم امام الحق ، سمیع اسلم ،سعد علی اور بولرزاحسان و نواز بھی جادو جگانے کیلیے تیار۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی کیلیے روایتی ایشین حریف پاکستان اور بھارت میں پیر کو پنجہ آزمائی ہوگی، قومی جونیئر ٹیم کے کپتان بابراعظم جیت کی صورت قوم کی عید الفطر کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ پاکستانی کپتان بابراعظم اب تک ایونٹ کے تین میچز میں 90.50 کی اوسط سے 181رنز اپنے نام جوڑ چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کی جونیئر سائیڈز پیر کو انڈر 19ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں مدمقابل آرہی ہیں، ویسے تو پاک، بھارت کرکٹ مقابلوں میں دنیاکے شائقین کی گہری دلچسپی ہوتی ہے تاہم جونیئر سطح پر اس باہمی مقابلے چند انفرادی مسابقتیں بھی انھیں دیکھنے کو مل سکتی ہیں، بھارتی بولر سندیپ شرما کیلیے پاکستانی کپتان اور اوپنر بابراعظم چیلنج بن سکتے ہیں، شرما وکٹوں کے دونوں جانب گیند کو یکساں رفتار سے سوئنگ کرانے میں مہارت رکھتے ہیں تو دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے پاکستانی اوپنر اس مرتبہ ان کا توڑ کرکے میدان میں اتریں گے۔

اس سے قبل انڈر19 ورلڈ کپ میں شرما نے بابر کو ان سوئنگ ڈیلیوری کی مدد سے پویلین چلتا کیا تھا، دوسری جانب نئی گیند سے بولنگ کی شروعات کرنے والے پاکستانی پیسر احسان عادل بھی بھارت کے افتتاحی کھلاڑی پرشانت چوپڑا کو ٹھکانے لگانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، عادل اپنی لائن اور لینتھ و بائونس کی مدد سے انھیں پریشان کرسکتے ہیں، اس مقابلے میں پاکستانی اسپنرز کی بھی آزمائش ہوگی، پاکستان تین فرنٹ لائن اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترسکتا ہے۔


اس کے علاوہ نوجوان پاکستانی بیٹسمین امام الحق ، سمیع اسلم اورسعد علی بھی زبردست فارم میں جبکہ بولنگ میں احسان کے علاوہ محمد نواز کا جادو بھی سرچڑھ کر بول رہا ہے، جونیئر ورلڈ کپ میں اب تک ہونے والے 6 باہمی مقابلوں میں پاکستان نے بھارت کو 5 مرتبہ دھول چٹائی ہے جبکہ ایک مرتبہ بلو شرٹس کا پلڑا بھاری رہا ہے، تاہم مجموعی طور پر انڈر 19 سطح کی کرکٹ میں بھارت کو پاکستان پر 9-7 کی سبقت حاصل ہے، دونوں ایشین کرکٹ سپرپاورز اب تک دو، دو مرتبہ انڈر19 ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں،پاکستان نے 2004 اور 2006 میں ٹرافی اپنے نام کی جبکہ بھارت نے 2000 اور 2008 میں فائنل جیتا۔

پاکستانی کپتان بابراعظم اب تک ایونٹ کے تین میچز میں 90.50 کی اوسط سے 181رنز اپنے نام جوڑ چکے ہیں جبکہ بھارتی بولر کمل پیسی 8وکٹ لیکر ایونٹ کے دوسرے بہترین بولر کا اعزاز حاصل کیے ہوئے ہیں، بھارت سے کوارٹر فائنل کے بارے میں پاکستانی کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ہم روایتی حریف سے مقابلے میں شائقین کی دلچسپی سے بخوبی آگاہ ہیں اور جیت کی صورت قوم کی عیدالفطر کی خوشیوں کو دوبالا کرنا چاہیں گے۔

اس سے قبل ہمارے دونوں باہمی میچز بھی نہایت سنسنی خیز رہے ہیں۔دوسری جانب بھارتی کپتان انکمت چاند کا کہنا ہے کہ کوارٹر فائنل میں پاکستان چیلنج ہوگا، انھیں شکست دینے کیلیے ہمیں سخت محنت کرتے ہوئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا، ہم نے جون میں ملائیشیا میں پاکستان سے دو میچز میں سرزد ہونے والی غلطیوں سے سبق حاصل کیا ہے۔سپر لیگ مرحلے کا چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل بھی پیر کو ہی ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے درمیان منعقد ہوگا۔
Load Next Story