پین اورکوہلی میں گرما گرمی آپس میں ٹکرانے پرامپائر کی مداخلت

دونوں کپتانوں کے درمیان چوتھے روز بھی گرما گرمی کا سلسلہ جاری رہا

دونوں کپتانوں کے درمیان چوتھے روز بھی گرما گرمی کا سلسلہ جاری رہا (فوٹو: ٹوئٹر)

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری پرتھ ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کپتان ٹم پین اور بھارتی ہم منصب ویرات کوہلی کے درمیان چوتھے روز بھی گرما گرمی کا سلسلہ جاری رہا، ایک موقع پر دونوں آپس میں ٹکرا گئے جس پر اتنی تلخ کلامی ہوئی کہ امپائر کو مداخلت کرنا پڑ گئی۔

چوتھے روز پہلے سیشن کے دوران ٹم پین جب سنگل رن کے لیے دوڑے تو ویرات کوہلی گیند تھامنے کی کوشش میں راہ میں حائل ہوگئے جس پر ان کی ٹکر ہوئی، بھارتی کپتان گیند تھام کر مڈ آن کی جانب جانے لگے تو میزبان قائد نے چند قدم ان کا پیچھا کیا اور کچھ الفاظ بھی بولے۔




کوہلی نے کہا کہ میں نے ایک لفظ بھی نہیں کہا آپ کیوں غصہ ہورہے ہو؟ جس پر پین نے کہا کہ میں ٹھیک ہوں، تم نے ہی گزشتہ روز غصہ کیا تھا، اب کیوں خود کو ٹھنڈا ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہوں۔



اس موقع پر امپائر کرس گفینی نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ' بس بہت ہوگیا'، جس پر پین بولے کہ کیا ہم بات بھی نہیں کرسکتے تو گفینی نے کہا کہ نہیں، آپ لوگ کپتان ہیں گیم پر توجہ دیں۔ جب پین 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کوہلی نے کچھ الفاظ کہے جس پر آسٹریلوی کپتان نے بھی پلٹ کر انھیں جواب دیا۔

Load Next Story