آسٹریلیا میں انڈر 19کرکٹرز نے عید سادگی سے منائی

ورلڈ کپ میں پے درپے کامیابیوں سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں،کوچ...


Sports Reporter August 19, 2012
آسٹریلیا میں عید الفطر کی نماز ادا کرنے کے بعد پاکستانی انڈر19 کرکٹرز کا کوچ صبیح اظہر کے ہمراہ گروپ فوٹو،جونیئر ٹیم آج کوارٹر فائنل میں بھارت کا سامنا کریگی۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان انڈر19 کرکٹرز اور ٹیم آفیشلز نے ہفتے کو آسٹریلیا میں عید گھر سے ہزاروں میل دور منائی، اس موقع پر وہ مقامی مسجد میں نماز عید ادا کرنے کیلیے گئے اور اس کے بعد ایک دوسرے کا منہ بھی میٹھا کیا، کوچ صبیح اظہر کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں پے در پے کامیابیوں کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ روایتی حریف بھارت کو بھی شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ایکسپریس سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان مقابلے کبھی بھی آسان نہیں رہے، پیر کو شیڈول میچ بھی دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگا، صبیح اظہر نے کہا کہ ہم میچ کو کسی طور پرآسان نہیں لے رہے بلکہ بھر پور تیاریوں اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کی کوشش کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے پہلے آسٹریلیا کیخلاف سیریزکھیلنے کا ٹیم کو بہت فائدہ ہوا ہے کیونکہ ان مقابلوں کی وجہ سے جہاں کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے کا موقع ملا وہاں وہ میگا ایونٹ میں بھر پور اعتماد کے ساتھ اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کوچ صبیح اظہر نے کہا کہ ماضی کے برعکس کھلاڑی اس بار عیدالفطر اپنے گھر والوں کے ساتھ تونہیں منا رہے تاہم انھیں خوشی اس بات کی بھی ہے کہ وہ ایک بڑے مقصد کے لیے آسٹریلیا آئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں