سحری افطاری اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی وزیراطلاعات پرویزرشید

مجموعی طور پر رمضان میں 5 گھنٹے کے لیےبجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔ وزیراطلاعات پرویزرشید


ویب ڈیسک July 06, 2013
ملک میں اس وقت بجلی کی طلب 17 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ ہم 13ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، پرویزرشید۔ فوٹو ایکپسریس نیوز

وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں سحری، افطاری اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک میں سحر و افطار اور تراویح کے دوران بجلی کی فراہمی میں کوئی خلل نہیں آنے دیا جائے، سحری کے وقت 2، افطاری کے وقت ایک اور تراویح کے اوقات میں 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی یعنی مجموعی طور پر رمضان میں 5 گھنٹے کے لیےبجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کی دلچسپی توانائی بحران کو حل کرنا، دہشت گردی پر قابو پانا اور ملک کی رکی ہوئی معیشت کو آگے بڑھانا ہے،حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے 4 ہفتوں میں 503 ارب روپے کا قرضہ پاور کمپنیوں کو ادا کردیا ہے جو کام 5 سال میں نہیں ہوسکا وہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گذشتہ 30 دنوں میں کردیا، بجلی کے تمام کارخانوں کو 2 سے 3 روز میں تیل کی رسائی مکمل ہوجائے گی اور وہ 1700 میگاواٹ مزید بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن میں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت بجلی کی طلب 17 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ ہم 13ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، انشااللہ آنے والے وقتوں میں مزید بجلی پیدا کی جائے گی۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، کراچی، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کا امن ہر پاکستانی کو عزیز ہے، سندھ حکومت قیام امن کے لئے اختیارات استعمال کرے، وفاق ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کو پرامن دیکھنا چاہتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ تمام انٹیلی جنس ایجنسیاں اپنی رپورٹ وفاق کو بھیجتی ہیں اگر کسی صوبے کے پاس مطلوبہ معلومات نہیں تو وہ اس سلسلے میں وفاق سے رابطہ کرسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں