رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد سچن ٹنڈولکر پہلی مرتبہ کیویز کیخلاف سیریز میں حصہ لیں گے

ا نگلینڈ اور آسٹریلیا سے وائٹ واش شکست کے بعد اب بھارت انھیں اپنے میدانوں پر زیر کرکے بدلہ چکانا چاہتا ہے


AFP August 19, 2012
بھارتی ایوان بالا راجیہ سبھا کا ممبر منتخب ہونے کے بعد ٹینڈولکر پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے جمعرات سے میدان میں اترنے والے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سچن ٹنڈولکر ممبر پارلیمنٹ بننے کے بعد پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کیلیے میدان میں اتریں گے، دو پانچ روزہ میچز کی سیریز جمعرات سے حیدرآباد میں شروع ہوگی، بھارت ان میچز کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم معرکوں کیلیے بطور پریکٹس استعمال کرے گا۔

39 سالہ سچن ٹنڈولکر کو انٹرنیشنل سنچریوں کی سنچری مکمل کرنے والے پہلے بیٹسمین کا اعزاز حاصل ہونے کے بعد بھارتی ایوان بالا راجیہ سبھا کا ممبر منتخب کیا گیا تھا یہ اعزاز پانے کے بعد وہ پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے جمعرات سے میدان میں اترنے والے ہیں، اس سے قبل انھوں نے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے سری لنکا جانے سے معذرت کرلی تھی جہاں پر بھارتی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں 4-1 سے فتح حاصل ہوئی تھیں۔

بھارتی ٹیم کیویز کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والی سیریز کو ا نگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کیلیے استعمال کرنا چاہتی ہے کیونکہ ان دونوں ٹیموں نے اسے اپنے ممالک میں وائٹ واش شکست سے دوچار کیا تھا اب بھارت انھیں اپنے میدانوں پر زیر کرکے بدلہ چکانا چاہتا ہے۔سابق بیٹسمین سنجے منجریکر نے سلیکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ ہوم گرائونڈز پر شیڈول 10 ٹیسٹ میچز میں ایسی ٹیم تیار کریں جوکہ آئندہ برس نومبر میں جنوبی افریقہ کے ٹور میں بھی اچھی کارکردگی پیش کرسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں