12واں لکس سٹائل ایوارڈ

فواد خان، ماہرہ خان، عاطف اسلم، سجاد علی، عائشہ عمر، گڈوشانی اور نصرت فتح علی خاں مرحوم کو ایوارڈ سے نوازا گیا


Qaiser Iftikhar July 06, 2013
لاہور میں پہلی مرتبہ شوبز کے روشن ستاروں کی شاندار پرفارمنس سے سجا۔ فوٹو : فائل

زندہ دل لوگوں کا شہرلاہورفن وثقافت کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے۔ اس شہرکوفن وثقافت کا گہوارا مانا جاتا ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ یہاں منعقد ہونیوالی تقریبات ہمیشہ ہی یادگاربن جاتی ہیں۔ اس کی بڑی وجہ لاہوریوں کی مہمان نوازی، گرم جوشی اورتقریبات کو منانے کا انوکھااندازبھی ہے۔ لاہورمیں پہلی مرتبہ پاکستان کے سب سے کامیاب اوربڑے ایوارڈ '' لکس سٹائل ایوارڈ '' کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد 4جون کو ہوا۔ اس موقع پرفلم، ٹی وی، سٹیج ، میوزک اورفیشن سے وابستہ فنکاروںِ ، گلوکاروں، ماڈلز، ڈیزائنرنے بھرپور انداز میں شرکت کی۔



اس موقع پرپاکستان فلم انڈسٹری پر برسوں راج کرنے والے فنکار بابرہ شریف ، مصطفی قریشی، نشوبیگم، ناہید اختر، میرا، ثناء ، نور، صاحبہ، عمائمہ ملک، آمنہ شیخ، عاطف اسلم، ماتیرا، عائشہ عمر، فریحہ پرویز، مانیا کیانی، عمران اسلم، ونیزہ احمد، مہرین سید، نبیلہ، فواد خان، ریمبو، زاراشیخ، دیپک پروانی، عرفان کھوسٹ، صنم ماروی، صباحمید، آیان، ذی کیو، صبا قمر، مہوش حیات، فرہاد ہمایوں، فارس شفیع، سلیمہ ہاشمی، کامیار روکنی، ندیم بیگ، کاشف نثار، واسع چوہدری، ماہم، سرمد کھوسٹ، ماہرہ خان، علی ذیشان، مومنہ دورید، یاسین ملک، یامین ملک ،



عرفان اصغر، آمنہ کاردار، رابعہ بٹ، فائزہ چوہدری، ثناء راج، سماء شاہ، ریمبو، سمیع خان، فائزہ گیلانی، مسکان، سونوڈینجرس، نگاہ حسین، وہاب شاہ، خلیل الرحمان قمر، حمزہ تارڈ، حنا بٹ، سونوڈینجرس، وہاب شاہ، نگاہ حسین، تاشابٹ، حرم، الماس بٹ اور میاں یوسف صلاح الدین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی اہم شخصیات موجود تھیں۔



''12ویں لکس سٹائل ایوارڈ'' کی تقریب کوچارچاند لگانے کیلئے آرگنائزرفریحہ الطاف نے جہاں بہترین فنکاروںکی پرفارمنسز کااہتمام کیا تھا وہیں عاطف اسلم جیسے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارکی پرفارمنس نے حاضرین کوجھومنے پرمجبوکردیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض احمد بٹ نے انجام دیئے جبکہ معروف اداکارائیں بھی کمپیئرنگ میں ان کا ساتھ دیتی رہیں۔ اس موقع پر بارہویں لکس سٹائل ایوارڈ میں بہترین اداکار فواد خان (سیٹلائٹ)، بہترین اداکارہ ماہرہ خان (سیٹلائٹ) ، بہترین اداکارنعمان اعجاز (ٹیرسٹیل)، بہترین اداکارہ ماہ نوربلوچ (ٹیرسٹیل ) ، بہترین پروڈیوسرمومنہ دورید، بہترین سیریل 'پائل' (پروڈیوسر یامین ملک )، بہترین رائٹرخلیل رحمان قمر، بہترین ہدایتکارسرمدکھوسٹ، بہترین میوزک البم عائشہ عمر (خاموشی)،



سانگ آف دی ائیر سجاد علی (کتھنہ نئیں)، بہترین ساؤنڈ ٹریک علی ظفر(زندگی گلزارہے)، بہترین میوزک ویڈیو ڈائریکٹر فرہاد ہمایوں، بہترین ٹیلنٹ ان میوزک احمد صدیقی، جبکہ فیشن انڈسٹری کے حوالے سے ماڈل آف دی ائیرمہرین سید اورشہزادنور، بہترین فیشن فوٹوگرافر گڈوشانی، بہترین ہیئراینڈ میک اپ آرٹسٹ نبیلہ، بہترین ہائی سٹریٹ برانڈ (کھاڈی)، اچیومنٹ ان فیشن ڈیزائن (لان) ثناء سفینااور بہترین نیو ٹیلنٹ کا ایوارڈصائمہ اظہر کو ملا۔ دوسری جانب سحرسہگل کوفیشن انڈسٹری میں گراں قدر خدمات پرلائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، گلوکارعاطف اسلم کو یوتھ آئیکون جبکہ استادنصرت فتح علی خاں مرحوم کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازاگیا۔



ایوارڈ تقریب میں جہاں ایوارڈز کا سلسلہ جاری تھا وہیں حاضرین کو انٹرٹین کرنے کیلئے معروف فنکاروںکی پرفارمنسز بھی شامل تھیں۔ اداکارہ میرا، ثناء، نور، صاحبہ اورماتیرا نے پاکستان فلم انڈسٹری کوٹریبیوٹ پیش کرتے ہوئے نگاہ حسین کی کوریوگرافی پرپرفارم کیا۔ اس موقع پرانہوںنے ملکہ ترنم نورجہاں کے گائے گیتوں پرپرفارمنس دی جس کوشرکاء نے بہت سراہا۔ دوسری جانب گلوکارعاطف اسلم نے بالی وڈ فلموں میں گائے اپنے مقبول گیت پیش کئے جس پرمعروف اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک اورآمنہ شیخ نے پرفارم کیا۔ یہاں ایک بات قابل ذکر ہے کہ عاطف اسلم کی پرفارمنس کے دوران جہاں معروف فنکارپرفارم کررہے تھے وہیں تربیت یافتہ کورس ڈانسربھی اپنے فن کا جادوجگاتے رہے۔

'ایس اوایس ویلج'سے تعلق رکھنے والے بچوںکی عاطف اسلم کے ساتھ پرفارمنس کو بھی حاضرین نے بہت سراہا۔ رنگارنگ تقریب کے میزبان احمد بٹ نے روایتی اندازسے ہٹ کر میزبانی کی اوروہ اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف گیٹ اپ کے ساتھ جلوہ گرہوتے رہے۔ اسی طرح کوریوگرافراورپرفارمر وہاب شاہ اورسونوڈینجرس نے مختلف گیتوںپر پرفارم کیا اورتقریب کی خوبصورتی میں اضافہ کیا۔

12ویں لکس سٹائل ایوارڈ کی تقریب کے اختتام پر''نمائندہ ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے اداکارہ بابرہ شریف نے کہا کہ سب سے پہلے تومیں ان سب لوگوںکو مبارکباد دونگی جن کوبہترین کارکردگی پر ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔ جیوری نے ان لوگوںکا انتخاب کیا ہے جوواقعی ہی بہترین کام کرتے ہوئے لوگوںکے دلوں پرراج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ شوکی تقریب کسی بھی بین الاقوامی شوسے کم نہ تھی۔ جس طرح سے فریحہ الطاف اوران کی ٹیم میں شامل لوگوںنے شب وروزمحنت کرکے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا ہے اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔کیونکہ ہمارے ملکی حالات میں ایسی شاندارتقریب کا ہونا بہت ضروری تھا۔



 

لاہور میںپہلی مرتبہ ایوارڈ شوکا انعقاد کیا گیا ہے لیکن جس طرح کا رسپانس لاہوریوں کی جانب سے دیاگیا ہے مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ اب آئندہ بھی ایوارڈ کی تقریب لاہورمیں ہی منعقدہوگی۔ شوکی آرگنائزر اور کیٹ واک کی روح رواں فریحہ الطاف کا کہنا تھاکہ میں متعدد بار لاہورمیں پروگراموںکا انعقاد کر چکی ہوں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ میں نے 'لکس سٹائل ایوارڈ'کی تقریب لاہورمیں کی ہے۔ میں اورمیری ٹیم گزشتہ ایک ماہ سے ایوارڈ شوکی تیاریوں میں مصروف تھے۔ لیکن شوکے زبردست انعقاد اورشوبزکے مختلف شعبوںکی معروف شخصیات کی بھرپورشرکت نے ساری تھکن دورکردی۔ یہ گرینڈ ایونٹ تھا جس کولاہوریوں نے خوب انجوائے کیا۔

جہاں تک بات بدانتظامی کی ہے تواتنے بڑے پروگراموں میں چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی رہتی ہیں۔ بہترین اداکاراوراداکارہ کا ایوارڈ جیتنے والے فوادخان اورماہرہ خان نے کہا کہ لکس سٹائل ایوارڈ کیلئے نامزد ہونا ہی بڑی بات ہے لیکن ہمیں یہ ایوارڈ ملا ہے تواس کے بعدہم پربھاری ذمہ داری آن پڑی ہے۔ ہم اس کونبھانے کیلئے مزید محنت سے کام کریں گے تاکہ آئندہ بھی ناظرین ہمارے کام کوپسند کریں۔ بہترین ہدایتکارسرمدکھوسٹ اور بہترین سیریل کے پروڈیوسریامین ملک نے کہا کہ محنت اورلگن سے کام کرنے کے بعد جب کوئی اعزازیاایوارڈ ملتا ہے توبہت خوشی ہوتی ہے۔ یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ہم آئندہ بھی اسی طرح کااچھا اورمعیاری کام کرتے ہوئے مزید ایوارڈ جیتیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں