کنگنا کی فلم ’مانی کرنیکا‘ کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی چھا گیا

کنگنا رناوت کی یہ فلم 25 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی

کنگنا رناوت کی یہ فلم 25 جنوری کو یوم جمہوریت کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فوٹو: فائل)

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم 'مانی کرنیکا : دی کوئن آف جھانسی' کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا۔

بھارت کی تاریخی شخصیت رانی لکشمی بائی کی زندگی پر بننے والی فلم 'مانی کرنیکا: دی کوئن آف جھانسی' درحقیقت 1857ء کی بغاوت کے بعد برطانوی سامراج کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کی عکاسی کرتی ہے جس میں کنگنا رناوت جنگجو 'لکشی بائی کا کردار ادا کرتی نظر آرہی ہیں۔

زی اسٹوڈیو کی پروڈکشن میں بننے والی فلم کے ٹریلر کو یوٹیوب پر بھی جاری کیا گیا ہے جس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شائقین کی جانب سے ٹریلر کو ایک دن میں 25 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔


https://www.youtube.com/watch?v=tKmkMVaNu9g

فلم 'مانی کرنیکا: دی کوئن آف جھانسی' کا پہلا پوسٹر رواں سال 15 اگست کو جاری کیا گیا جسے خاصی پذیرائی حاصل ہوئی جس کے بعد فلم میکرز نے دو ماہ بعد ہی فلم کا مختصر ٹیزر ریلیز کردیا۔

یہ پڑھیں: کنگنا رناوت قانونی شکنجے میں پھنس گئیں

بھارتی ہدایت کار کرش کی ڈائریکٹریشن میں بننے والی کنگنا رناوت کی فلم 'مانی کرنیکا: دی کوئن آف جھانسی' 25 جنوری 2019ء میں یوم جمہوریت کے موقع پر ریلیز کی جائے گی تاہم اُن کی اس فلم کو اپنے ہی حریف ہریتھک روشن کی فلم 'سپر 30' اور عمران ہاشمی کی فلم 'چیٹ انڈیا' سے تصادم کا سامنا کرنا پڑے گا۔
Load Next Story