دورہ جنوبی افریقہ پاکستان کیلیے ہتھیاروں کی آزمائش کا وقت آ گیا

انوی ٹیشن الیون سے سہ روزہ میچ کاآج آغاز،ڈومیسٹک میچزکے سبب میزبان ٹیم میں صوبائی سطح کے کرکٹرزشامل

انجری سے نجات کیلیے کوشاں عباس اورشاداب کونہ کھلانے کی اطلاعات، فخرزمان کوپھرفٹنس کی جانچ کرانا ہوگی۔ فوٹو : فائل

دورہ جنوبی افریقہ میں پاکستان کیلیے ہتھیاروں کی آزمائش کا وقت آگیا تاہم انوی ٹیشن الیون سے سہ روزہ میچ کا آغاز آج بینونی میں ہوگا۔

امارات کی سازگار کنڈیشنز میں پاکستان ٹیم کی بیٹنگ لائن کارکردگی میں تسلسل کو ترستی رہی، نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں حریف کو دباؤ میں لانے کے مواقع ضائع کیے جانے کی وجہ سے 2میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر چوتھی اننگز میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بیٹسمین حوصلے ہارتے دکھائی دیے۔

جنوبی افریقہ آمد کے بعد کپتان سرفرازاحمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بیٹنگ میں استحکام کو انتہائی اہم قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ پروٹیز کی مضبوط بولنگ لائن اپ کیخلاف اچھا ٹوٹل حاصل کریں تو بولرز میزبان ٹیم کی20وکٹیں حاصل کرسکتے ہیں،جنوبی افریقہ میں 4روزہ فرنچائز ٹورنامنٹ جاری ہونے کی وجہ سے انوی ٹیشن الیون میں صوبائی سطح کے کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حریف کمزور ہونے کے باوجود میزبان ملک کی کنڈیشنز سے ہم آہنگی اور بیٹنگ فارم کی واپسی کیلیے پاکستان کو میسر واحد ٹور میچ اہمیت کا حامل ہوگا، بینونی کا میدان 26دسمبرسے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے وینیو سے صرف 60 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، اس لیے موسمی حالات سے مطابقت پیدا کرنے کے حوالے سے بھی یہ ٹور میچ اہم ہوگا۔


دوسری جانب مشکوک فنٹس کے حامل کرکٹرز پیسر محمد عباس، لیگ اسپنر شاداب خان اور اوپنر فخرزمان کو ساتھ لے کر ملک سے روانہ ہونے والی پاکستان ٹیم تاحال مسائل سے نجات پانے کیلیے کوشاں ہے۔

ادھر موصولہ اطلاعات کے مطابق تینوں تاحال فٹنس مسائل سے مکمل طور پر نجات نہیں پا سکے،یواے ای میں کندھے کی انجری کا شکار ہونے والے محمد عباس، گروئن مسائل سے دوچار شاداب خان اور گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا فخرزمان ٹریننگ ضرور کررہے ہیں لیکن ان کی میچ فٹنس پر شکوک ختم نہیں ہوئے۔

ذرائع کے مطابق دورے کی اہمیت کے پیش نظر ٹیم انتظامیہ کھلاڑیوں کو انجریز سے بچانا چاہتی ہے، انھیں 100 فیصد فٹنس کی رپورٹ ملنے پر ہی میدان میں اتارا جائے گا، محمد عباس اور شاداب خان کو پریکٹس میچ نہیں کھلایا جا رہا، اوپنر فخر زمان کی فٹنس میں کافی بہتری آچکی لیکن میچ سے قبل ایک بار پھر جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم نے بینونی میں گزشتہ روز بھی ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا،کھلاڑیوں نے کوچز کی نگرانی میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلیے نیٹ میں وقت گزارا،مڈل آرڈر بیٹسمینوں اظہر علی، اسد شفیق اور حارث سہیل گرین ٹاپ پچ پر پریکٹس کرتے ہوئے اپنی خامیوں کو درست کرنے کیلیے سرگرم رہے۔

 
Load Next Story