قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کیلیے محمد اکرم کا انتخاب

حتمی اعلان عید کے بعد کیا جائیگا، بولرز کی نئی کھیپ تیارکرنے کا ٹاسک بھی ملے گا

کمیٹی نے 6 ماہ کے طویل عرصہ کے بعد بالآخر محمد اکرم کا نام بولنگ کوچ کیلئے فائنل کر لیا ہے۔فوٹو: فائل

پی سی بی کی کوچ کمیٹی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم کا نام بولنگ کوچ کے لیے فائنل کر لیا، حتمی اعلان عید کے بعد ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق عاقب جاوید کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو نئے بولنگ کوچ کی تلاش تھی ، چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے انتخاب عالم کی سربراہی پر قائم کوچ کمیٹی کو موزوں امیدوار تلاش کرنے کا ٹارگٹ دیا جس نے 6 ماہ کے طویل عرصہ کے بعد بالآخر محمد اکرم کا نام فائنل کر لیا ہے، اس سے قبل انگلینڈ کے ای این پونٹ کا نام بھی لیا جا رہا تھا۔


عالمی ریکارڈ یافتہ فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی چند روز قبل بورڈ کو بولنگ کوچ کی پیشکش کی تھی لیکن کمیٹی نے ان کی طرف سے باقاعدہ طور پر درخواست نہ دیے جانے اور کوالیفائیڈ کوچ نہ ہونے کی وجہ سے ان کے نام پر غور نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق محمد اکرم ملکی کرکٹ کھیلنے کے علاوہ انٹرنیشنل اور کائونٹی کرکٹ کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محمد اکرم قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے علاوہ فارغ اوقات میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نوجوان کھلاڑیوں کو بولنگ کے گر بھی سکھائیں گے۔انھیں نوجوان بولرز کی نئی کھیپ تیار کرنے کا خصوصی ٹاسک بھی دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ9 ٹیسٹ اور 23 ایک روزہ میچوں میں ملک کی نمائندگی کرنے والے محمد اکرم ان دنوں انگلینڈ میں ہیں اور وطن واپس آ کرجلد بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
Load Next Story