ہفتہ رفتہ روئی کی رسد میں اضافہ مقامی منڈیوں میں بھاؤ مستحکم

سندھ میں قیمتیں 6450 تا 6475 روپے، پنجاب میں 6550 تا 6575 روپے فی من، اسپاٹ ریٹ 6400 روپے من رہے

سندھ میں قیمتیں 6450 تا 6475 روپے، پنجاب میں 6550 تا 6575 روپے فی من، اسپاٹ ریٹ 6400 روپے من رہے۔ فوٹو: فائل

مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے کے باعث روئی کے بھاؤ میں مجموعی طور پر استحکام رہا۔

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 100 روپے کا اضافہ کر کے اسپاٹ ریٹ فی من 6400 روپے کے بھاؤ پر بند کیا، کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ نئی فصل کی کپاس کی آمد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، اسی گرح جننگ فیکٹریوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے تاہم ملک میں تقریباً 30 تا 33 جننگ فیکٹریوں نے نئی فصل کی جننگ شروع کر دی ہے، آئندہ دنوں میں ان کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا رہے گا، فی الحال روزانہ تقریباً روئی کی 3 ہزار گانٹھیں تیار ہو رہی ہیں تاحال نئی فصل کی پھٹی سے روئی کی تقریباً 30 ہزار گانٹھیں تیار ہو چکی ہیں۔




نسیم عثمان کے مطابق روئی کے برآمدکنندگان بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ فی الحال بیرون ممالک کپاس کی تقریباً 10 ہزار گانٹھوں کے برآمدی معاہدے کر لیے ہیں۔ بھارت کے کپاس کے درآمدکنندگان نے زیادہ خریداری کی ہے۔ بھارت میں روئی کا بھاؤ بڑھ کر فی پاؤنڈ 95 تا 97 امریکن سینٹ ہو گیا ہے۔

مقامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کا بھاؤ صوبہ سندھ میں فی من 6450 تا 6475 روپے صوبہ پنجاب میں فی من 6550 تا 6575 روپے، پھٹی کا بھاؤ سندھ میں فی 40 کلو 2900 تا 3000 روپے، پنجاب میں 3100 تا 3150 روپے رہا۔ کپاس پیدا کرنے والے علاقوں میں مجموعی بارش ہوئی ہے جو فائدہ مند ہے۔ کاٹن یارن میں استحکام رہا۔ نیو یارک میں مندی رہی۔
Load Next Story