میڈیکل بورڈ کی نیب کو شہباز شریف کا بلاتاخیر مزید طبی معائنہ کرانے کی سفارش

مریض کے مزید طبی معائنے کی روشنی میں علاج کی مستقبل کی حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی، رپورٹ


ویب ڈیسک December 19, 2018
نیب نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ شہبازشریف کو بھی بھجوا دی. (فوٹو: فائل)

9 طبی ماہرین پر مشتمل بورڈ نے نیب کو بلاتاخیر شہبازشریف کے مزید طبی معائنے کی سفارش کردی۔

ایکسپریس نیوز نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شہبازشریف کے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ حاصل کرلی ہے، رپورٹ کے مطابق 9 طبی ماہرین پر مشتمل اعلیٰ سطح کے میڈیکل بورڈ نے نیب کو بلاتاخیر شہباز شریف کے مزید طبی معائنے کی سفارش کی ہے۔

پروفیسرعامر زمان خان، پروفیسر محمد اکرم، پروفیسر فرخ کمال، ڈاکٹر شاہین راشد، پروفیسر بلقیس شبیر، پروفیسر کامران خالد خواجہ، ڈاکٹرشہزاد کریم بھٹی اور ڈاکٹرعدنان ہاشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے رپورٹ میں کہا ہے کہ مریض کا مزید طبی معائنہ کرانے کی ضرورت ہے، اسی کی روشنی میں علاج کی مستقبل کی حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی۔

بورڈ نے رپورٹ میں تنبیہ کی ہے کہ 5 تجاویز پر فوری عمل کیا جائے، نیورو اینڈ وکرائن ٹیومر کی تشخیص کے لئے اوکٹریٹائیڈ سکین کرایاجائے، پتھالوجیکل گیسٹرک وال کی موٹائی اور آنت میں مرض کے دوبارہ رونما ہونے کی تشخیص کے لئے اینڈو اسکوپی کرائی جائے، سرطان کی علامت بننے والے کروموگرینن (اے) اور (بی) کا تجزیہ دوہرایا جائے، مزید تشخیص کے لئے خون اور پیشاب سمیت دیگر ضروری ٹیسٹ کرائے جائیں اور گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے مہروں کے جائزے کے لئے ایم آر آئی کرایا جائے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ باضابطہ طورپر مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف کو بھی بھجوا دی ہے۔ شہبازشریف نے 17 دسمبر کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی فراہمی کے لئے ڈائریکٹر جنرل نیب کو خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ میڈیکل بورڈ کے اخذکردہ نتائج مزید علاج کے لئے جاننا لازم ہیں لہذا رپورٹ فراہم کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں