پاک نائیجیریا مشترکہ کمیشن نومبر تک تشکیل پاجائے گا دودا دنلادی

160 ملین آبادی سے زائد اور معدنی وسائل سے مالا مال نائجیریا افریقی خطے کا نہایت اہمیت کا حامل ملک ہے، دودا دنلادی


Business Reporter July 07, 2013
160 ملین آبادی سے زائد اور معدنی وسائل سے مالا مال نائجیریا افریقی خطے کا نہایت اہمیت کا حامل ملک ہے، دودا دنلادی فوٹو: فائل

پاکستان میں تعینات نائجیریا کے ہائی کمشنر دودا دنلادی نے کہا ہے کہ پاک نائجیریا مشترکہ کمیشن کا قیام امسال نومبر تک ہوجائیگا جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم1ارب ڈالر تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔

گزشتہ روز کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نائجیریا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ 160 ملین آبادی سے زائد اور معدنی وسائل سے مالا مال نائجیریا افریقی خطے کا نہایت اہمیت کا حامل ملک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی صنعتکاروں اور اعلیٰ سطح حکومتی اراکین پر مشتمل وفد ستمبر تک نائجیریا کا دورہ کرے گا جس میں تجارتی حکمت عملی وضع کی جائیں گی اور دونوں ممالک کے درمیان تاجروں اور صنعتکاروں کو تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایک دوسرے کی منڈیوں میں خصوصی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نائجیریا میں زیادہ تر چاول چین سے آتا ہے اور نائجیریا میں چاول کی برآمد کے وسیع مواقع موجود ہیں، اس کے ساتھ ساتھ زراعت کے شعبے میں بہت زیادہ مواقع ہیں اور نائیجیریا پاکستان کے لیے ایک اچھی منڈی ثابت ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر کاٹی کے چیئرمین زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور نائجیریا دو طرفہ تجارتی ، اقتصادی اور سفارتی تعاون بڑھانے کے لیے موثراور جامع حکمت عملی وضع کریں، انہوں نے کہا کہ نائجیریا سے تجارتی روابط ہموار کر کے پاکستان میں اپنے ایکسپورٹ کے ٹارگٹ میں مزید اضافہ کر سکتاہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات جس میں زراعت سے وابستہ سامان، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکلز، سیمنٹ، چاول اور شوگر کی برآمد کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کو نائجیریا میں اپنی مصنوعات کو متعارف کرانا ہوگا کیونکہ اس سے وہ اپنی تجارت افریقہ کے دیگر ممالک میں بڑھاسکتے ہیں۔ پاکستان اور نائجیریا کے درمیان دوستانہ اورمضبوط تعلقات ہیں لیکن دو طرفہ تجارتی حجم میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ اس موقع پر کاٹی کی ڈپلومیٹک کمیٹی کے چیئرمین مسعود نقی، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر گلزار فیروز، کاٹی کے وائس چیئرمین نجم العارفین، نیاز احمد اور زاہد سعید نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں