2024

حفیظ ویسٹ انڈیز میں بھی اوپننگ نہیں کر سکیں گے

عمران کے ڈراپ ہونے پر خالی ہونے والی جگہ پر احمد شہزاد کو آزمایا جائے گا،کپتان.


Saleem Khaliq July 07, 2013
سعید اجمل کو منفرد انداز میں استعمال کر کے حریف کو حیران کرنے کا پلان بنا لیا فوٹو: فائل

محمد حفیظ ویسٹ انڈیز میں بھی اوپننگ نہیں کر سکیں گے۔

عمران فرحت کے ڈراپ ہونے پر خالی ہونے والی جگہ پر احمد شہزاد کو آزمایا جائے گا، کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ نوجوان بیٹسمین نے کافی عرصے بعد کم بیک کیا، میں باہر بٹھا کر اس کا اعتماد کم نہیں کرنا چاہتا۔ تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ نے ماضی میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے کافی اسکور کیا لیکن گذشتہ کچھ عرصے سے انھیں تیسرے نمبر پر کھلایا جا رہا ہے، چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کے بعد جب ٹیم سے عمران فرحت کی چھٹی ہوئی تو یہ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شائد حفیظ کی سابقہ پوزیشن پر واپسی ہو جائے۔

مگر کپتان مصباح الحق نے احمد شہزاد کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی میں نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس 3ریگولر اوپنرز ناصر جمشید، احمد شہزاد اور حفیظ موجود ہیں، ہم کسی اور کو اس پوزیشن پر کھلا کر تجربہ نہیں کریں گے، ناصر کے ساتھ احمد سے ہی اننگز کا آغاز کرانے کا ارادہ ہے، احمد شہزاد نے کافی عرصے بعد کم بیک کیا، میں باہر بٹھا کر اس کا اعتماد کم نہیں کرنا چاہتا، وہ اچھا فیلڈر بھی ہے لہذا ٹیم کے کافی کام آئے گا، نوجوان اسی طرح مواقع ملنے پر سیکھیں گے اور گروم ہونے کا موقع ملے گا۔



ٹاپ آرڈر میں خود بیٹنگ کرنے کے سوال پر مصباح نے کہا کہ ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، البتہ اگر ٹیم کو ضرورت ہوئی تو یقیناً ایسا کر سکتا ہوں۔ ایک سوال پر کپتان نے کہا کہ سعید اجمل کو جنوبی افریقہ اور انگلینڈ میں موافق پچز نہیں ملیں تاہم ویسٹ انڈیز میں صورتحال الگ ہو گی، ہم نے اسے منفرد انداز میں استعمال کر کے حریف کو حیران کرنے کا پلان بنایا ہے،انھوں نے عندیہ دیا کہ عمر اکمل کو ہی بطور وکٹ کیپر بیٹسمین آزمایا جائے گا، البتہ ضرورت پڑنے پر رضوان کو بھی موقع دیا جا سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دورئہ ویسٹ انڈیز کی تیاریوں کیلیے زیادہ وقت نہیں ملا، البتہ پلیئرز نے اپنے طور پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پریکٹس کی، وہاں کی پچز میں زیادہ باؤنس اور پیس نہیں، ایسے میں ہمارے بیٹسمینوں کے پاس بڑی اننگز کھیلنے کا اچھا موقع ہو گا، اسی طرح بولرز بھی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر سکیں گے۔ مصباح نے کہا کہ ٹیم متوازن لگ رہی ہے، تمام پلیئرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا اچھا موقع مل گیا، مجھے یقین ہے کہ کارکردگی اچھی رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں