KARACHI:
صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں معیاری یونیورسٹی بنائیں گے۔
راجہ یاسر ہمایوں نے نے ''ایکسپریس فورم'' میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ 2019 میں پہلی مرتبہ پنجاب ہائر ایجوکیشن پالیسی کا اعلان کردیا جائے گا جس کیلیے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان اور ماہرین سے مشاورت جاری ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ سال سے تعلیمی اداروں میں داخلے کیلیے پراسپیکٹس ختم کر رہے ہیں جبکہ تمام کالجوں اور یونیورسٹیوں کا ایک ہی آن لائن داخلہ فارم ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ 2 سالہ ڈگری پروگرامز ختم کرکے کمیونٹی کالج شروع کررہے ہیں جن میں طلبا کو مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق 2 سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری کروائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرری میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جارہا ہے لہٰذا مارچ 2019ء تک تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز تعینات کردیے جائیں گے۔ طلبا میں اسپورٹس مین شپ پیدا کرنے کیلیے یونیورسٹی اسپورٹس لیگ کا آغاز کردیا گیا ہے، ابتدائی مراحل میں 5لیگز تشکیل دی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ فٹ بال، اتھلیٹکس اور لڑکیوں کیلیے بیڈ منٹن کو بھی فروغ دیا جائیگا۔
راجہ یاسر ہمایوں نے کہا تبادلوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلیے آئن لائن سسٹم لارہے ہیں جس میں اساتذہ گھر بیٹھے ٹرانسفر کی پوزیشن دیکھ سکیں گے۔2 سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری کے بعد طلبہ کو ملازمت مل جائے گی جبکہ وہ یونیورسٹی میں داخلہ لیکر اگلے 2 سال میں 4 سالہ گریجوایٹ ڈگری بھی حاصل کرسکیں گے۔