ملت جعفریہ کیخلاف آپریشن بند کیا جائے شیعہ علما

ملک میں یوم عید کو یوم سوگ کے طور پر منایا جائے گا، مرزا یوسف حسین...


Staff Reporter August 20, 2012
اجلاس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ گرفتار شیعہ نوجوانوں کو فوری رہا کیا جائے اور سانحہ القدس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: عالمی مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اور شوریٰ کے رکن مولانا مرزا یوسف حسین، مولانا شیخ حسن صلاح الدین، علی اوسط، مولانا صادق رضا نقوی، علامہ آفتاب حیدر جعفری و دیگر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت جعفریہ نے ہمیشہ مملکت پاکستان کی بقا و سلامتی کی خاطر کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے، ملت جعفریہ کے علمائے کرام، زعما اور اداروں نے متفقہ فیصلہ کیا تھا کہ یوم القدس ریلی میں شہید ہونے والے معصوم افراد کے قتل کا مقدمہ کراچی میں موجود امریکی قونصل جنرل کیخلاف درج کرایا جائیگا۔

انھوں نے کہاکہ پولیس اور رینجرز انتظامیہ عوام الناس کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہونے کے بعد اب دہشت گردی کا شکار ملت جعفریہ کے عمائدین کے گھروں میں چھاپے مار کر بے گناہ افراد کو گرفتار کررہی ہے اور ان سے بھاری رشوت کا مطالبہ کیا جارہا ہے، ساتھ ہی شیعہ خواتین سے بدتمیزی اور بدسلوکی کی خبریں بھی موصول ہورہی ہیں، گذشتہ دو دنوں میں ملت جعفریہ کے دو درجن سے زائد بے گناہ افراد کو شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے،انھوں نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ شہر کے امن کو خراب کرنے والے وہی عناصر ہیں جنھوں نے ماضی میں لسانی فسادات کو ہوا دی۔

رہنمائوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار شیعہ نوجوانوں کو فی الفور رہا اور سانحہ القدس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے، ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر شیعہ آبادیوں پر چھاپوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو سنگین نتائج برآمد ہونگے، اب برداشت کی حد ہوگی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، انھوں نے کہا کہ سانحہ بابوسر اور سانحہ یوم القدس کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں یوم عید کو یوم سوگ کے طور پر منایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں