انار کلی بم دھماکے کے ملزم جلد ہی قانون کے شکنجے میں ہوں گے آئی جی پنجاب

رمضان المبارک میں لگائے جانے والے بچت بازاروں میں سادہ لباس پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے، آئی جی پنجاب

دکانداروں سے اپیل ہے کہ وہ نجی سیکیورٹی کا بندوبست کریں۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

آئی جی پنجاب پولیس خان بیگ نے کہا ہے انارکلی فوڈ اسٹریٹ میں سیکیورٹی کے اتنظامات مناسب تھے جلد ہی ملزم قانون کی گرفت میں آجائیں گے۔

انار کلی فوڈ اسٹریٹ میں گزشتہ رات ہونے والے بم دھماکے کی جگہ کے معائنے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ فوڈ اسٹریٹ میں مناسب سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی تاہم وہ شہر بھر کے بازاروں، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے دکانداروں سے اپیل کرتے ہیں کسی بھی قسم کی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کےلئے حکومت کے ساتھ ساتھ خود بھی اپنے گرد و نواح پر نظر رکھیں اور نجی سیکیورٹی کا بندوبست کریں تاکہ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔


آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران لگائے جانے والے بچت اور ہفتہ وار بازاروں میں سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے سادہ لباس پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات لاہور کے علاقے پرانی انار کلی کی مشہور فوڈ اسٹریٹ میں ہونے والے دھماکے میں ایک بچی سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
Load Next Story