قوم فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دے صدر وزیراعظم

تنگدستوں کوبھی خوشیوں میں شریک کریں،راجا پرویز،عہدکریں قومی مفادات کوترجیح دینگے,عید پرتہنیتی پیغامات


تنگدستوں کوبھی خوشیوں میں شریک کریں،راجا پرویز،عہدکریں قومی مفادات کوترجیح دینگے، شجاعت ،عشرت العباد،قائم علی شاہ،عید پرتہنیتی پیغامات

صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خوشیوں کے اس موقع پر اپنے غریب بھائیوں کو بھی اس میں شریک کریں' اسلام کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہوکر بخل، حسد، لالچ، نفرت جیسے منفی رجحانات پر قابو پائیں' قوم فرقہ واریت اور تشدد پسندی پھیلانے والے عناصر کے خاتمے کیلیے حکومت کا ساتھ دے' لولوسر میں مسافر بسوں پر حملوں اور کامرہ ایئر بیس پر دہشتگردانہ حملے سفاکانہ طرز عمل ہے اور یہ اسلام کی تعلیمات کے صریحاً منافی ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں اسلام کے اصولوں کے مطابق باہمی اخوت و محبت اور رواداری کو فروغ دیتے ہوئے عید کی خوشیوں میں اپنے غریب عزیز و اقارب پڑوسیوں اور ضرورت مند بہن بھائیوں کو شامل کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر اور اس کی بے پایاں رحمت کا بنیادی مطالبہ ہے کہ ہم ہر وقت اس قادر مطلق کے حقیقی، روشن اور معتدل احکام کی روشنی میں اپنے روز وشب کو منور کریں۔

صدر نے کہا کہ ہم عید کی حقیقی مسرت سے صرف اسی وقت ہمکنار ہوسکتے ہیں جب ہم اس موقع پر اپنے غریب عزیز و اقارب، پڑوسیوں اور ضرورت مند بہن بھائیوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں اور یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم اسلام کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہوکر زندگی گزاریں اور بخل، حسد، لالچ، نفرت جیسے منفی رجحانات پر قابو پائیں، مزید یہ کہ ہمیں اخوت و محبت، برداشت، صبر و تحمل، سخاوت اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ فرقہ واریت اور تشدد پسندی جیسا کہ لولوسر (گلگت بلتستان) میں مسافر بسوں پر حملوں جیسے اندوہناک واقعات وہ سفاکانہ طرز عمل ہے جو اسلام کی تعلیمات کے صریحاًمنافی ہے۔ اسی طرح کامرہ پر دہشت گرد حملہ جیسے واقعات جن کو ہماری افواج نے اپنی جوانمردی اور شجاعت سے ناکام بنایا صریحاً گمراہی اور اسلام کی روح کے برعکس ہیں۔ ہمیں دینِ اسلام کی عظمت کو حکمت و تدبر سے پیش کرتے ہوئے، منفی سوچ کی حامل گمراہ کن قوتوں کے منفی پروپیگنڈے کا انسداد کرنا ہوگا، باہمی اخوت و محبت اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیغام میں ملک سے ہر قسم کی انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی تمام تر توانائیاں مخلوق خدا کی خدمت اور فلاح و بہبود کیلئے وقف کریں گے اور ہر قسم کی منفی سرگرمیوں، فرقہ پرستی، انتہا پسندی، دہشت گردی اور ملک دشمنی سے مکمل اجتناب کریں گے۔

وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی ہماری کوششوں کا محور ہو گی اور ہم اپنے وطن کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائیں گے۔ وزیراعظم نے پوری ملت اسلامیہ، تمام اہل وطن اور سمندر پار پاکستانیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے بہرہ ور ہونے کا موقع عطا فرمایا۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عیدالفطر اسلام کے ان روشن اقدار کا بھی مظہر ہے جو مسلمانوں میں تقوی، ایثار، اخوت اور ہمدردی کے جذبات کو فروغ دیتے ہیں۔ اس دن مسلمان آپس میں تجدید وفا کرتے ہیں اور باہمی اختلافات کو بھلا کر اخوت، رواداری اور بھائی چارے کے رشتے استوار کرتے ہیں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج کا دن ہم سے یہ بھی تقاضا کرتا ہے کہ ہم اس خوشی کے موقع پر ضرورت مند، نادار اور تنگ دست مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں اور انہیں خوشی کے اس تہوار میں اپنے ساتھ شریک کریں۔ مسلم لیگ (ق)کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے پوری قوم کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں دعائوں کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی عزم کرنا ہو گا کہ ہم اپنے مادر وطن کے مفادات کو ہر قسم کے ذاتی، گروہی، جماعتی اور سیاسی مفادات پر اولیت دیں گے اس کی سلامتی و استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کو درپیش چیلنجز کے مقابلہ کیلئے انفرادی اور اجتماعی کوششیں کی جائیں گی۔گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے عید الفطر کے موقع پراپنے پیغامات میں قوم کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب اور نادار طبقات کو بھی وہ عید کی خوشیوں میں ضرور شامل کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں