سال کی طویل ترین رات اور مختصر ترین دن

انقلابِ سرما کے تحت پاکستان میں رات کا دورانیہ 14 گھنٹے 4 منٹ ہوگا اور کل دن سب سے چھوٹا ہوگا


علیم احمد December 21, 2018
پاکستان میں آج کی رات سب سے طویل ترین رات ہوگی جس کا دورانیہ 14 گھنٹے تک ہوسکتا ہے (فوٹو: فائل)

لاہور: 21 اور 22 دسمبر کی درمیانی رات پورے سال کی طویل ترین رات تھی جبکہ ہفتے کا دن پورے سال کا سب سے مختصر دن تھا۔

فلکیاتی اداروں کے مطابق آج رات زمین کے شمالی نصف کرے (Northern Hemisphere) میں سال کی طویل ترین رات ہوگی اور کل سال کا مختصر ترین دن ہوگا، جبکہ جنوبی نصف کرے (Southern Hemisphere) میں سال کی مختصر ترین رات اور طویل ترین دن ہوگا۔

یہ موقع ہر سال دسمبر کے مہینے میں آتا ہے اور اس کی تاریخیں 20 سے 23 دسمبر تک کسی بھی دن ہوسکتی ہیں۔ اس سال یہ موقع آج رات (21 دسمبر کی رات) آرہا ہے۔

واضح رہے کہ وہ موقع جب شمالی نصف کرے میں سال کی طویل ترین رات ہو، اسے فلکیات کی زبان میں ''انقلابِ سرما (winter solstice) یا ''انقلابِ شمالی'' (Northern solstice) بھی کہا جاتا ہے۔ البتہ اس حوالے سے ایک عام غلط فہمی یہ پائی جاتی ہے کہ انقلابِ سرما کے موقعے پر زمین کا سورج سے فاصلہ سب سے زیادہ ہوتا ہے؛ ایسا نہیں ہوتا۔



اس کے برعکس، حقیقت یہ ہے کہ زمین اپنے محور پر 23.4 درجے جھکی ہوئی ہے جبکہ محوری گردش (axial rotation) کے دوران زمین کا اپنا محور بھی کسی گھومتے ہوئے لٹو کی مانند لڑکھڑاتا رہتا ہے۔ سورج کے گرد چکر لگاتے لگاتے سال میں ایک موقع ایسا آتا ہے جب شمال کی جانب زمینی محور کا انتہائی جھکاؤ سورج سے مخالف سمت میں ہوجاتا ہے۔

چونکہ زمین کی محوری گردش مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے اس لیے یہ موقع آنے کے فوراً بعد ہی زمینی محور کا جھکاؤ واپس پلٹنے لگتا ہے یعنی زمین کے شمالی نصف کرے کا جھکاؤ ایک بار پھر سورج کی سمت ہونے لگتا ہے۔ نتیجتاً انقلابِ سرما کے فوراً بعد راتیں چھوٹی اور دن طویل ہونے لگتے ہیں۔

انقلابِ سرما کا یہ موقع آج رات پاکستانی معیاری وقت کے مطابق رات 3 بج کر 22 منٹ پر ہے جبکہ گزشتہ برس یہ 9 بج کر 28 منٹ پر تھا۔ آج اسلام آباد میں سال کی طویل ترین رات کا دورانیہ 14 گھنٹے 4 منٹ تک ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں