خیبرپختونخوا بلوچستان میں کئی مقامات پر عید باقی ملک میں آج منائی جائیگی

فضل الرحمن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں نماز عید ادا کی، خلیجی ممالک، یورپ، انڈونیشیا، ملائیشیا میں بھی عید


پشاور کی ایک عید گاہ میں نماز عیدالفطر ادا کی جارہی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق عیدالفطر آج مذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی، تاہم خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں گزشتہ روز عید منائی گئی۔ لاہور میں آج بادشاہی مسجد' مسجد داتا دربار' جامعہ اشرفیہ' جامع مسجد منصورہ' یونیورسٹی گرائونڈ' ایبٹ روڈ گرائونڈ' جامع مسجد دارالاسلام' باغ جناح' قذافی اسٹیڈیم' جامعہ نعیمیہ' مینار پاکستان سمیت دیگرمقامات پر عید کی نماز کے بڑے اجتماعات ہونگے۔

اسلام آباد میں عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا۔ کراچی میں نماز عید کے بڑے اجتماعات گلشن جناح (پولوگرائونڈ) ، نشترپارک، نیشنل اسٹیڈیم، جامع مسجد آرام باغ، جناح مسجد برنس روڈ، نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جامع مسجد گلزار حبیب، دارالعلوم کراچی، جامع بنوری ٹائون،ٹی گرائونڈ فیڈرل بی ایریا و دیگر مقامات پر منعقد ہوں گے، نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح میں ہوگا۔ جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید ، اسلامی ملکوں کے سفارت کار ، وفاقی و صوبائی وزراء، ممبران قومی اسمبلی اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد نماز عیدالفطر ادا کرے گی۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن ٹی گرائونڈ فیڈرل بی ایریا میں عیدالفطر کی نماز پڑھائیں گے ۔

پشاور کینٹ کے علاوہ شہرکے کئی مقامات، خیپرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن، مالاکنڈ ڈویژن، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میںبھی آج عید منائی جائے گی۔ خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے اختلافات کے بعد پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں اتوار کو عید منائی گئی۔ پشاور میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع چارسدہ روڈ پر ہوا۔ اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی، وزیر اعلی خیبر پختونخوا امیر حیدرہوتی نے وزیر اعلی سیکریٹریٹ، جے یو آئی کے سربراہ فضل الرحمن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں نماز عید ادا کی۔ بلوچستان کے ضلع چمن، ژوب، پشین اورقلعہ عبداللہ کے علاقوں میں بھی عیدالفطر منائی گئی۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں ہفتے کو عید منائی گئی اس طرح پاکستان میں اس سال تین عیدیں ہوں گی۔ سعودی عرب'خلیجی ممالک' لندن اور امریکا سمیت یورپ میں بھی مسلمانوں نے عید الفطر اتوار کو منائی۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے۔ فلپائن، انڈونیشیا، ملائیشیا، لیبیا اور مصر میں بھی نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں عیدالفطر پیر کو منائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں