ایشین ہاکی فیڈریشن نے پاکستان میں مزید انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد کا عندیہ دے دیا

ہاکی سیریز اوپن سے ثابت ہوا ہے کہ پاکستان اب بڑے ایونٹ کے انعقاد کے لیے تیار ہے، سی ای او ایشین ہاکی فیڈریشن


Muhammad Yousuf Anjum December 22, 2018
پاکستان اب کھیلوں کے لیے ایک محفوظ ملک ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشین ہاکی فیڈریشن فوٹو: ایکسپریس

ایشین ہاکی فیڈریشن کےچیف ایگزیکٹو آفیسر طیب اکرام نے پاکستان میں مزید انٹرنیشنل ایونٹ کے انعقاد کا عندیہ دیا ہے۔

لاہور میں ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے طیب اکرام نے کہا کہ ہاکی سیریز اوپن کے کامیاب انعقاد سے دنیا کو یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان اب کھیلوں کے لیے ایک محفوظ ملک ہے، 14 برس بعد انٹرنیشنل ہاکی کی سرگرمیاں بحال ہونے پر بہت خوش ہوں، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس ایونٹ کو کامیاب کرنے کے لیے جو کوششیں کیں وہ بھی لائق تحسین ہیں۔ مشکلات اور مسائل کے باوجود پی ایچ ایف نے اس ایونٹ کی میزبانی کی درخواست کی جس کو ایشین ہاکی اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے خوش آئند قرار دیا۔



طیب اکرام کا کہنا تھا کہ دنیائے ہاکی میں پاکستان کا ایک اہم مقام ہے اور ہاکی سیریز اوپن سے یہ ثابت ہوا ہے کہ پاکستان اب بڑے ایونٹ کو بھی کرانے کے لیے تیار ہے۔ پاکستان میں سیکیورٹی حالات کے حوالے سے جو ایک غیر یقینی کی فضا بن چکی ہے، اس تاثر کو زائل کرنے اور ہاکی کی ٹاپ نیشن کا اعتماد پانے میں مدد مدد ملے گی۔

پاکستان ہاکی ٹیم کی پرفارمنس کے حوالے سے طیب اکرام نے کہا کہ اس کا ایک سادہ اور بہترین فارمولہ ہے کہ آپ جتنا انویسٹ کریں گے، اتنا ہی پھل پائیں گے، آرام سے بیٹھ کر معجزوں کا انتظار نہ کریں، معجزے نہیں ہوں گے اور نہ ہی ہوتے ہیں۔ پاکستانی ٹیموں نے دنیائے ہاکی میں اپنی برتری ثابت کی، ایک نام کمایا، وہ ہیروز اب بھی موجود ہیں، ان سے رہنمائی لیں، درست سمت میں سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے، جس حساب سے محنت کریں گے، اسی کےمطابق نتائج بھی ملیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔