ومبلڈن ٹینس باب اور مائیک نے نئی تاریخ رقم کردی

اولمپکس کے بعد بیک وقت چاروں گرینڈ سلم رکھنے والی پہلی جوڑی بن گئے

ویمنز ڈبلز میں وائی ہائش اور پینگ شوئی نے میدان مارلیا، گرلز میں بیلینڈا چیمپئن۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

امریکی ڈبلز ٹینس اسپیشلسٹ برائن برادرز باب اور مائیک نے نئی تاریخ رقم کردی۔

وہ اولمپکس گولڈ کے بعد بیک وقت چاروں گرینڈ سلم ٹائٹلز جیتنے والی اوپن ایرا میں دنیا کی پہلی ٹینس جوڑی بن گئے، انھوں نے ہفتے کی شب تیسری مرتبہ ومبلڈن میں مینز ڈبلر ٹرافی اپنے نام کی، امریکی بھائیوں نے فائنل میں کروشیا کے ایوان ڈوڈگ اور برازیل کے مارسیلو میلو کو2-6،6-3 ،6-4 اور6-4 سے مات دی،اس فتح کے بعد ان کی گرینڈ سلم ٹائٹلز فتوحات کی تعداد بڑھتے ہوئے 15 ہوگئی،انھوں نے مجموعی طور پر 25 گرینڈ سلم کے فائنلز کھیلے ہیں۔




رپورٹ کے مطابق برائن برادرز کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ 24 میچز تک دراز ہوگیا، وہ 2016 کے ریو اولمپکس میں اعزاز کے دفاع کا بھی عزم رکھتے ہیں۔ ویمنز ڈبلز میں چائنیز تائپے کی سو وائی ہائش اور چینی پلیئر پینگ شوئی نے میدان مارلیا، انھوںنے فائنل میں آسٹریلین جوڑی ایشلیگ بارٹی اور کیسی ڈیلوکا کو 7-6(7/1) ،6-1 سے شکست دی۔ گرلز سنگلز کی ٹرافی ٹاپ سیڈ سوئس پلیئر بیلینڈا بینسیک کے نام رہی، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں امریکا کی 5 سیڈ ٹیلر ٹاؤن سینڈ کو 4-6،6-1 اور 6-4 سے زیر کرلیا۔
Load Next Story