اسپیشل برانچ کا گروہ بھارتی شہریوں کے غیر قانونی قیام کا سرپرست بن گیا

گروہ میں شامل افسران بھارتی شہریوں کے غیرقانونی قیام اور زائد قیام پر اسپیشل برانچ سے جعلی اجازت نامے جاری کرتے ہیں


Adil Jawad July 08, 2013
35 سال راج کرنیوالے افسران گرفتار ہوکر بحال ہوگئے،ایس پی اسپیشل برانچ نے افسران کو معطل کرکے تحقیق شروع کردی. فوٹو : فائل

بھارتی شہریوں کے پاکستان میں غیرقانونی قیام کی سرپرستی کرنے والے اسپیشل برانچ کے گروہ کا انکشاف ہوا ہے۔

اسپیشل برانچ کے اعلیٰ افسران نے گروہ کے افسران اور اہلکاروں کو معطل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا،تفصیلات کے مطابق اسپیشل برانچ میں گزشتہ 35 سال سے راج کرنے والے افسران اور اہلکاروں پر مشتمل گروہ منظم طریقے سے سیکڑوں بھارتی شہریوں کے پاکستان میں غیرقانونی قیام کی سرپرستی کررہا ہے، ذرائع نے بتایا کہ گروہ میں شامل افسران اور اہلکار نہ صرف بھارتی شہریوں کے غیرقانونی قیام کی سرپرستی کرتے ہیں بلکہ کئی کئی سال تک غیرقانونی زائد قیام پر بھارتیوں کو پاکستان سے واپس جانے کیلیے جعلی اجازت نامے بھی جاری کرتے ہیں،گروہ میں سب انسپکٹر چوہدری محمد خورشید، سب انسپکٹر نثار شاہ، سب انسپکٹر غلام مصطفی اور اے ایس آئی محمد عامر شامل ہیں۔



ذرائع کے مطابق چوہدری محمد خورشید اور نثار شاہ 1978 میں بطور سپاہی اسپیشل برانچ میں تعینات ہوئے اور گزشتہ 35 سال سے اسپیشل برانچ کے انڈین سیکشن میں ڈیوٹی پر ہیں، واضح رہے 2 سال قبل ایف آئی اے نے ان دونوں افسران کو پاکستان میں غیرقانونی قیام کرنیوالے بھارتی شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کا جعلی اجازت نامہ دینے کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد یہ افسر معطل رہے چند ماہ قبل یہ افسران ایک مرتبہ پھر اسپیشل برانچ کے نیشنل اسٹیٹس ویری فیکیشن سیکشن میں تعینات کردیے گئے تاہم چند دن قبل ڈی آئی جی اسپیشل برانچ شاہ حیات کو ان افسران کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ یہ اب بھی بھارتی شہریوں کے پاکستان میں غیرقانونی قیام کی سرپرستی کررہے ہیں اور اب تک ہزاروں کی تعداد میں بھارتی شہریوں کو پاکستان میں غیرقانونی قیام میں مدد دے چکے ہیں، ڈی آئی جی شاہد حیات کی ہدایت پر ایس پی اسپیشل برانچ عاصم علی قائمخانی نے تحقیق کی روشنی میں ان اہلکاروں کو معطل کرکے باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں