
لاہور میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے بے دردی سے ملک کو لوٹا ہے اور ان کی جائیدادیں ضبط ہونی چاہئیں، مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں، عوام رابطہ مہم کا آغاز کررہے ہیں، سب سے پہلا جلسہ میانوالی میں ہوگا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور قرضوں کی ادائیگی کے مسئلے پر قابو پالیا ہے، ایسا قانون لا رہے ہیں کہ تمام مقدمات کے فیصلے ایک سال میں ہوں۔
#LiveNow: @PTIofficial leader @naeemul_haque talks to media in #Lahorehttps://t.co/Y786yNjM8u
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) December 23, 2018
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ جب وزیراعظم عمران خان سے چیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال ملنے آئے تھے تو خان صاحب نے انہیں کہا کہ کرپشن میں ملوث کسی بھی شخص کو نہ چھوڑیں چاہے وہ میرا وزیر اور اس کا تعلق پی ٹی آئی سے ہی کیوں نہ ہو، ہمارے تین وزرا کے خلاف نیب مقدمات چل رہے ہیں، وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں وارننگ دی ہے کہ مجھے خبریں ملتی رہتی ہیں، میں برداشت نہیں کروں گا کہ میری حکومت کا کوئی شخص کرپشن میں ملوث ہو۔
نیب کی کارکردگی کے بارے میں نعیم الحق نے کہا کہ ذاتی طور پر بات کررہا ہوں، میرے ان سے اختلافات ہیں، نیب پر ہمارا کوئی اثر و رسوخ نہیں اور وہ ہمارے ماتحت نہیں، قومی احتساب بیورو کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، اسے زیادہ بہتر اور اعلی پیمانے کی قانونی و مالی مشاورت کی ضرورت ہے، تاکہ وہ آگے بڑھ سکیں، لیکن وہ چیز ابھی نظر نہیں آرہی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔