سندھ میں اتفاق رائے سے نیا بلدیاتی نظام لایا جاسکتا ہے گورنر سندھ

وفاقی حکومت نے کراچی میں قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیش کش کی ہے

وفاقی حکومت نے کراچی میں قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیش کش کی ہے۔ فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبا دخان نے کہا ہے کہ گذشتہ روز لیاری کے حوالے سے بلاے گئے اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کوہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصرکیخلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے ۔

انھوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے کراچی میں قیام امن کیلیے ہر ممکن تعاون کی پیش کش کی ہے وزیر داخلہ اس سلسلے میں حکومت سندھ کو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ صوبائی حکومت کی درخواست پر وفاقی حکومت ہر قسم کی مدد کرے گی ۔ انھوں نے کہا کہ بلدیاتی معاملہ متنازع ہے جس کا تصفیہ طلب حل نکالنے کیلیے کوششیں جاری ہیں اتفاق رائے سے کوئی نظام لایا جاسکتا ہے جس کی اسمبلی سے منظوری لینا ہوگی ۔گذشتہ دنوں بجلی کی بندش فنی خرابی کا نتیجہ تھی بجلی کے ڈسٹری بیوشن نظام کو بہتر بنانے کیلیے اقداما ت کیے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ فریئر ہال ثقافتی ورثہ ہے اس کو محفوظ بنانے کیلیے ایک جامع ماسٹر پلان تشکیل دیا جارہاہے ۔




انھوں نے کہاکہ ڈائویونیورسٹی کا اوجھا کیمپس شہریوں کیلیے نعمت سے کم نہیں ہے ۔وہ اتوار کو ڈائویونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے اوجھا کیمپس کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگوکررہے تھے۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ہاشم رضا زیدی ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود حمید خان اور ایڈوائزر ہائر ایجوکیشن سید وجاہت علی اور دیگرحکام بھی موجود تھے ۔ اپنے دورے کے دوران گورنر سندھ نے بلڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح بھی کیا ۔ اس موقع پر انھیں لیبارٹری کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ پاکستان کی پہلی جدیدلیبارٹری ہے جس میں خودکار نظام کے ذریعے ایک گھنٹے میں خون کے 800 ٹیسٹ ہوتے ہیں اور2 ہفتے کیلیے15ہزار نمونے محفوظ بنائے جاسکتے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story