وزیر خارجہ آج چین اور روس سمیت 4 ممالک کے دورے پر روانہ ہوں گے

بیرون ممالک دورے پر خطے میں امن و استحکام کے قیام پر گفتگو کی جائے گی، شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک December 23, 2018
یہ علاقائی ممالک کا تین روزہ دورہ ہوگا، دفتر خارجہ، فوٹو: فائل

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی آج چار ملکی دورے پر روانہ ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان، ایران، چین اور روس جائیں گے ۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی ان کے ہمراہ ہوں گی، یہ علاقائی ممالک کا تین روزہ دورہ ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد ان ممالک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کرے گا جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، دورے کا مقصد وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کا فروغ ہے جب کہ دوطرفہ اقتصادی تعاون اور ترقی کا فروغ مذاکرات کا اہم موضوع ہے، اس کے علاوہ افغان مصالحتی عمل کے حوالے سے حالیہ پیشرفت پر بھی بات چیت ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کا حل افغانوں کے درمیان امن عمل سے ہی ممکن ہے اور عالمی برادری نے بھی پاکستان کے اس موقف کو تسلیم کیا ہے کہ افغان تنازع صرف مذاکرات سے ہی حل ہوسکتا ہے۔

علاوہ ازیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران خطے میں امن و استحکام کے قیام پر گفتگو کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں