کراچی میں قتل و غارت جاری متحدہ کے 2 عہدیداروں سمیت مزید 10 ہلاک

لیاری میں کشیدگی،آگرہ تاج اوربغدادی سے3لاشیں ملیں،متحدہ کازخمی یونٹ انچارج چل بسا،جوائنٹ انچارج نارتھ کراچی میںماراگیا


Staff Reporter July 08, 2013
لیاری میں کشیدگی،آگرہ تاج اوربغدادی سے3لاشیں ملیں،متحدہ کازخمی یونٹ انچارج چل بسا،جوائنٹ انچارج نارتھ کراچی میںماراگیا. فوٹو: فائل

شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے2عہدیداروں سمیت مزید10افرادہلاک ہوگئے جبکہ لیاری میں کشیدگی بدستورجاری رہی،لوگ قتل کیے جاتے رہے لیکن قانون نافذکرنے والے ادارے حرکت میں نہیں آئے۔

تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے کلری اوربغدادی اتوارکوبھی دن بھر فائرنگ سے گونجتے رہے ، دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ، کلری کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں نیول فلیٹس کے قریب سے 2 افراد کی لاشیں ملیں جنھیں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا ،لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا ،مرنے والوں کی شناخت ذاکر بلوچ کے نام سے ہوئی جس کی عمر تقریباً 25 برس تھی،مقتول ذاکر دستانوں کاکام کرتا تھا جبکہ دوسرے کی شناخت 30 سالہ وسیم کے نام سے کی گئی ، وسیم علاقے میں شربت کا ٹھیلا لگاتا تھا ،نامعلوم ملزمان نے دونوں کو اغوا کے بعد نیول فلیٹس کے قریب فائرنگ کرکے ہلاک کردیا،دونوں الفلاح روڈ گلی نمبر 6 کے رہائشی تھے ،دونوں کی نماز جنازہ رات کو ادا کردی گئی جبکہ ورثانے لاشیں ماڑی پور روڈ پر رکھ کر دھرنا بھی دیا۔

بغدادی کے علاقے احمدشاہ بخاری روڈ ونا مسجد کے قریب بھی نامعلوم افراد ایک لاش پھینک کرفرار ہوگئے،مقتول کی عمر تقریباً 25 برس معلوم ہوتی ہے جبکہ شکل صورت سے وہ کچھی معلوم ہوتاہے ۔پیرآبادکے علاقے قصبہ کالونی کٹی پہاڑی کے قریب مکان سے لاش ملی جسے نامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ، مقتول کی شناخت 30 سالہ محمد علی عرف کاکی کے نام سے ہوئی جوکہ منشیات فروش تھا،مقتول کو اس کے ساتھیوں نے بٹوارے کے تنازع پر ہی قتل کیا ،مقتول کالا ڈھاکا کا رہائشی تھا۔پاک کالونی کے علاقے میں گھر کے اندر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 40 سالہ متین اخترہلاک ہوگیا،مقتول کے ای ایس سی کا ملازم تھا ،اس کے گھر میں علی الصبح 4 مسلح افراد گھسے ،اس دوران اس نے انھیں پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ سر پر گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا ، مقتول 3 بیٹوں کا باپ تھا۔



نارتھ کراچی کے علاقے دومنٹ چورنگی کے قریب بس اسٹاپ پر موٹر سائیکل سوارنامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک ہوگیا،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی، اس کی عمر تقریباً 30 سے 35 برس کے درمیان ہے۔رضویہ کے علاقے میں2ماہ قبل فائرنگ سے زخمی ہونے والا متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ189 کا سابق یونٹ انچارج فراست مرزا دم توڑگیا۔یو پی موڑ پر فائرنگ سے 65 سالہ شہاب الدین،ماڑی پور روڈ کے قریب مچھر کالونی میں 35 سالہ علی حسین اور 30 سالہ عامر حسین زخمی ہوگئے۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر5/Iمیں واقع اقرااسکول کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے40سالہ اظہر پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسے دو گولیاں لگیں اوروہ موقع پرہی جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی لاش عباسی اسپتال پہنچائی گئی ،مقتول متحدہ قومی موومنٹ نارتھ کراچی سیکٹریونٹ 137کا جوائنٹ یونٹ انچارج تھااورگھر سے نکل کرجارہا تھا۔

گھر سے کچھ ہی فاصلے پر پہنچا تھا کہ نامعلوم افراد نے اسے نشانہ بنایا ، واقعے کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی اورنارتھ کراچی ڈسکو موڑ، صدیقی مارکیٹ ، یو پی موڑ اور اطراف کے علاقوں میں تمام کاروباری مراکزمکمل طور پر بند ہوگئے۔فیروز آباد تھانے کی حدودپی ای سی ایچ سوسائٹی اللہ والی چورنگی کے قریب واقع مسجد کے سامنے نمازکے لیے جانے والے 50سالہ عمرخطاب پرنامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پرہی جاں بحق ہوگیا،مقتول نیوسبزی منڈی میں شہزور ٹرک چلاتا تھااوراس کاتعلق شانگلہ سے تھا ،مقتول کراچی میں سبزی مندی کے قریب ہی رہائش پزیرتھا۔

اورنگی ٹائون سیکٹرساڑھے گیارہ شاہ ولی اللہ نگرمیں جرائم پیشہ گروپوں میں مسلح تصادم کے دوران گولیاں لگنے سے5افراد زخمی ہو گئے ،جن کو فوری طور پر عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ،زخمی ہونے والا 25سالہ ناصر چنگاری اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیااور سلیم ، نادر ، کمال اورشاہد کی حالت تشویشناک ہے، مقتول اور زخمی دومختلف گروپوں سے تعلق رکھتے ہیں جن میں سے ایک گروپ کا ناصر چنگاری گینگ لیڈرتھااور دو کارندے سلیم اور نادر تھے جبکہ دوسرے گینگ کے دوکارندے کمال اورشاہد زخمی ہیں، تمام افراد بھتہ خوری ، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں، پولیس نے تمام زخمیوں کواسپتال میں حراست میں لے لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں