آسٹریلیا نے دورہ پاکستان پی ایس ایل فائنل سے مشروط کردیا

آسٹریلیا کی سیکیورٹی ٹیم اور بورڈ آفیشلز پی ایس ایل فائنل میں پاکستان کا دورہ کرکے سیکیورٹی کا جائزہ لیں گے۔


Muhammad Yousuf Anjum December 24, 2018
آسٹریلیا کی سیکیورٹی ٹیم پی ایس ایل فائنل میں پاکستان کا دورہ کرکے سیکیورٹی کا جائزہ لیں گے۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان پی ایس ایل کے لاہور اور کراچی کے میچز سے مشروط کر کے مجوزہ شیڈول میں بھی ترمیم کردی گئی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کی سیکیورٹی ٹیم اور دو سے تین آفیشلز مارچ کے پہلے ہفتے میں پی سی بی کے مہمان بنیں گے جو 17 مارچ کو پی ایس ایل کے فائنل سمیت تمام سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ دیں گے، جس کی روشنی میں کرکٹ آسٹریلیا اور ان کی حکومت تمام معاملات کو فائنل کرے گی۔

کرکٹ آسٹریلیا حکام پاکستان ٹیم بجھوانے کا عندیہ تو دے چکے ہیں تاہم حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے سیکیورٹی حالات کی تسلی اور وقت لینا چاہتے ہیں، اس لیے میچز بھی ری شیڈول کیے جارہے ہیں۔

پروگرام کے مطابق پہلے 19 مارچ سے شروع ہونا تھی تاہم پی سی بی کی خواہش تھی کہ آسٹریلوی ٹیم کراچی لینڈ کرے اور 19 اور 21 مارچ کو یہاں میچز کھیلے لیکن اب ایک پی سی بی آفیشل نے شیڈول میں ترمیم کے بعد اس سیریز کو 31 مارچ سے کھیلے جانے کی تصدیق کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پہلے انڈین پریمیئر لیگ کی وجہ سے یہ سیریز 31 مارچ تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، انڈین پریمیئرلیگ کا پہلا میچ 29 مارچ سے ہوگا تاہم اب کرکٹ آسٹریلیا نے آئی پی ایل سے دوطرفہ سیریز کو زیادہ اہم قراردیا ہے، جس پر اب 5 ون دے میچز کے لیے 31 مارچ سے 13 اپریل تک کا وقت آئیڈیل سمجھاجارہاہے۔

یاد رہے کہ 99-1998 میں آخری بار آسٹریلوی ٹیم پاکستان کی مہمان بنی تھی، 8-2007 میں کینگروز نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم پاکستان میں عام انتخابات پر سیکیورٹی کو جواز بناکر یہ دورہ کینسل کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔