اسٹیٹ بینک کی معاشی صورتحال کے بارے میں رپورٹ

حکومت معاشی پالیسیاں مستحکم بنانے کے ساتھ انھیں واضح کرے تاکہ سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے شکوک و شبہات ختم ہوسکیں


Editorial December 25, 2018
حکومت معاشی پالیسیاں مستحکم بنانے کے ساتھ انھیں واضح کرے تاکہ سرمایہ کاروں کے شکوک ختم ہوسکیں (فوٹو: فائل)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کی معاشی صورت حال بالخصوص براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے بارے میں مایوس کن اعدادوشمار پر مشتمل رپورٹ جاری کی ہے' جس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ یعنی جولائی سے نومبر کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری 2.35 فیصد کی کمی سے 7.880 ارب ڈالر تک آ پہنچی جو ملک کے معاشی نظام اور ترقی کے لیے ایک بڑا جھٹکا اور غیرملکی سرمایہ کار کا پاکستان کی معاشی و سیاسی صورت حال پر عدم اعتماد کا آئینہ دار ہے۔

اس گراوٹ کا بنیادی محرک ملک میں غیریقینی معاشی و اقتصادی صورت حال کو گردانا گیا ہے۔ تحریک انصاف کو اقتدار میں براجمان ہوئے سو روز سے زائد ہو چکے ہیں' وفاقی اور پنجاب کی صوبائی حکومت اپنی اس سو روزہ کارکردگی کو خوش کن قرار دیتے ہوئے تبدیلی کے بڑے بڑے دعویٰ کر رہی ہیں' ملک میں روز گار کے نئے نئے مواقعے' نئی صنعتوں کے قیام اور بیمار صنعتوں کی بحالی کی کارکردگی پیش کرنے کے بجائے پناہ گاہوں کی تعمیر کے اعدادوشمار پیش کیے جا رہے ہیں جب کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ حکومت کے ترقی کے دعوؤں کی ببانگ دہل نفی کر رہی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق نومبر کے دوران غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 280 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے دوران 5.239 ملین ڈالر تھا' تیل اور گیس کی تلاش، تعمیرات و بینکنگ کے شعبے میں بھی اس سرمایہ کاری میں حیران کن حد تک کمی آئی یہاں تک کہ پاور جنریشن سیکٹر جس میں بڑے پیمانے پر غیرملکی سرمایہ کاری ہو رہی تھی وہ بھی سست روی کی نذر ہو کر 167ملین ڈالر تک آ پہنچا' بات صرف ان چند شعبوں تک محدود نہیں رہی بلکہ زندگی کے تمام شعبے اس سے متاثر ہوئے اور ترقی کا گراف اوپر جانے کے بجائے نیچے کی طرف جا رہا ہے۔

توانائی اور فنانشل بزنس کے شعبے اس حد تک متاثر ہوئے کہ صرف ایک ہی سال میں توانائی کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری 7.80 ملین ڈالر سے گر کر 5.72 ملین ڈالر اور فنانشل بزنس میں 4.238 ملین ڈالر سے گر کر 3.76 ملین ڈالر تک آ پہنچی، اگر صورت حال اسی طرح غیریقینی کا شکار رہی اور اس میں بہتری کے آثار پیدا نہ ہوئے تو معاملہ یہاں تک محدود نہیں رہے گا، تو نہ صرف غیرملکی سرمایہ کاری بلکہ ملکی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں کمی کے خدشے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ حکومت اپنی معاشی پالیسیاں مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ انھیں واضح کرے تاکہ سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے اذہان میں موجود شکوک و شبہات اور غیریقینی کی صورت حال ختم ہو سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں