ایم کیوایم کے کارکنوں کا قتل جاری رہا توپھر ہم بھی اپنے دفاع کا حق رکھتے ہیں رابطہ کمیٹی

تاریخ گواہ ہے ایم کیو ایم کو نقصان پہنچانے والے خود ہی صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں، رابطہ کمیٹی

رواں ماہ اب تک 9 کارکنان کو قتل کیا جاچکا ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں، رابطہ کمیٹی ، فوٹو : فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کراچی میں لیاری گینگ وار اور فرقہ پرست دہشت گردوں کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے جب کہ چن چن کر ایم کیوایم کے کارکنوں کو قتل کیا جارہا ہےاوراگر یہی رویہ جاری رہا تو پھر ہم بھی اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔


کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان نے دیگر ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کراچی میں لیاری گینگ وار اور فرقہ پرست دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، لیاری میں دہشت گری کے باعث لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں لیکن کراچی میں قاتلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے قانون نافذ کرنے والے ادارے ایم کیو ایم کے دفاتر پر چھاپے مار رہے ہیں۔

عامر خان نے کہا کہ ایم کیو ایم کو ایک بار پھر ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے رواں ماہ کے دوران اب تک 9 کارکنان کو قتل کیا جاچکا ہے، حکومت انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سب الٹی گنگا بہا رہے ہیں اور خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں اگر یہی رویہ جاری رہا تو پھر ہم بھی اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں، ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کے بجائے پیروں تلے روندنے کا عمل جاری رہا تو یہ احساس محرومیوں میں زیادہ اضافہ کرے گا، تاریخ گواہ ہے ایم کیو ایم کو نقصان پہنچانے والے خود ہی صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں لیکن ایم کیو ایم کا فلسفہ ملک بھر میں پھیلتا ہی جارہا ہے۔
Load Next Story