مرض کی سب نے مِل جُل کر دوا کی

محققین اور عام لوگوں کے اشتراک سے طبی تحقیق کے منصوبے آگے بڑھاتی ویب سائٹ

محققین اور عام لوگوں کے اشتراک سے طبی تحقیق کے منصوبے آگے بڑھاتی ویب سائٹ ۔ فوٹو : فائل

سوشل ویب سائٹس لوگوں کوقریب لانے اور خیالات کی باہم ترسیل ہی کا باعث نہیں، یہ آئیڈیاز اور علمی وفکری کاوشوں میں ایک دوسرے کو شریک کرنے کا ذریعہ بھی ہیں۔

ایسی ہی ایک ویب سائٹ ہے WellSpringboard، جس کے قیام کا مقصد طبی تحقیق میں شراکت اور پیچیدہ امراض کا شکار افراد کا باہمی مشاورت کے ذریعے علاج ہے۔


اس ویب سائٹ پر ہوتا یوں ہے کہ کوئی محقق کسی ریسرچ پروجیکٹ کا آئیڈیا پیش کرتا ہے، جس کی وضاحت کے لیے باقاعدہ وڈیو بنائی جاتی ہے۔ اس کے بعد WellSpringboard کے منتظمین اس وڈیو کو اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کردیتے ہیں۔ اس آئیڈیا کے لیے اخراجات کا ہدف مقرر کیا جاتا ہے اور پھر اسے سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے سامنے لایا جاتا ہے۔ جب مطلوبہ تعداد میں لوگ اس پروجیکٹ کے لیے اخراجات فراہم کردیتے ہیں، تو اسے محققین کے لیے پیش کردیا جاتا ہے، جو اس پروجیکٹ کو سامنے رکھتے ہوئے تحقیق کا آغاز کرتے ہیں۔

اس سارے عمل کا سائنس دانوں پر مشتمل ایک بورڈ کے علاوہ عام لوگ بھی جائزہ لیتے اور تنقیدوتبصرے کرتے ہیں۔ چناں چہ اس طرح طبی تحقیق کا یہ عمل ماہرین اور عام افراد کے اشتراک سے اجتماعی حیثیت اختیار کرلیتا ہے۔

اس ویب سائٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ہم طبی تحقیق کی دنیا میں عوام کی آواز لانا چاہتے ہیں اور انھیں اجازت دیتے ہیں کہ ایسے سوالات کے جواب طلب کریں جو ہر عمر کے مریضوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے بہت اہم ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہم محققین کے لیے یہ امر ممکن بنانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے آئیڈیاز کا تبادلہ کریں، جو وسیع پیمانے پر لوگوں اور سرمایہ کاری کے لیے پُرکشش ہو۔
Load Next Story