بھارت میں فیس بک پر لڑکے سے بات کرنے سے روکنے پر بیٹی نے ماں کو قتل کردیا

پولیس نے ماں کو قتل کرنے کے الزام میں بیٹی او ر اس کے بوائے فرینڈ سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے

بیٹی نے چار دوستوں کیساتھ ملکرماں کو ڈنڈوں سے تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا فوٹو: فائل

بھارت میں بدبخت بیٹی نے فیس بک پر لڑکے سے بات کرنے سے روکنے پر ماں کو ابدی نیند سلا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دلوں کو دہلا دینے والا یہ واقعہ ریاست تامل ناڈو میں پیش آیا جہاں 19 سالہ لڑکی نے فیس بک فرینڈ سے روابط قائم کرنے کی اجازت نہ دینے پر ممتا کا گلا گھونٹے ہوئے ماں کو دوستوں کی مددسے قتل کردیا۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ 19 سالہ دیوی پریا جو کہ بیچلز کی طالبہ ہے کی مقامی نوجوان سے فیس بک پر دوستی ہوئی جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ گہری ہوتی گئی اور ان کے مراسم بڑھ کر پیار میں تبدیل ہوگئے۔


دیوی نے اپنے بوائے فرینڈ سریش کے بارے میں ماں کو بتایا جس پر والدہ نے سخت ناراضی کا اظہار کیا اور بیٹی کو سمجھایا کہ سوشل میڈیا پر بننے والے تعلقات حقیقی نہیں ہوتے، ماں کے روکنے پر بیٹی طیش میں آگئی اور اس نے اپنے اور سریش کے درمیان والدہ کو رکاوٹ سمجھ لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر ماں کو راستے سے ہٹانے کے لیے قتل کا منصوبہ بنایا اور اپنے دوستوں کو گھر بلا کر ڈنڈوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ماں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

چیخ و پکار کی آواز سن کر پڑوسی جب وہاں پہنچے تو ملزمان بھاگنے کی کوشش کررہے تھے جنہیں مقامی لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا اور بعدازاں ملزمان نے پوری داستان پولیس کو بتادی، پولیس نے ماں کو قتل کرنے کے الزام میں بیٹی او ر اس کے بوائے فرینڈ سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
Load Next Story