فیڈر کی 10 برس میں پہلی بار پانچویں نمبر پر تنزلی

ومبلڈن فائنل میں ناکامی کے باوجودجوکووک کی مینز ٹینس رینکنگ میں بادشاہت برقرار، نئے انگلش چیمپئن اینڈی مرے بدستور۔۔۔


AFP/Sports Desk July 09, 2013
اعصام اور روزے کی جوڑی کا ڈبلز میں چوتھا درجہ،ویمنزسنگلز میں سرینا ولیمز سرفہرست، ماریون بارٹولی8 درجے کی چھلانگ لگاکر ساتویں پوزیشن پر آگئیں فوٹو: اے ایف پی

ومبلڈن میں اعزاز کے دفاع میں ناکام رہنے والے سوئس ماسٹر راجرفیڈرر 10 برس میں پہلی مرتبہ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر چلے گئے، انھیں 2 درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔

ومبلڈن فائنل میں ناکامی کے باوجود سربیا کے نووک جوکووک کی عالمی بادشاہت برقرار ہے، نئے انگلش چیمپئن اینڈی مرے بدستور دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں، ومبلڈن سیمی فائنلسٹ پولش پلیئر جیرزی جینووچ پانچ درجے کی چھلانگ لگاکر ٹاپ 20 میں شامل ہوگئے، ڈبلز میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق کی 12ویں پوزیشن برقرار رہی جبکہ ڈچ پلیئر جین جولین روزے کے ساتھ بطور جوڑی ایک درجے ترقی نے انھیں چوتھی پوزیشن پر پہنچا دیا۔

ویمنز سنگلز میں امریکا کی سرینا ولیمز سرفہرست ہیں، اگرچہ انھیں بھی سیزن کے تیسرے گرینڈ سلم کے چوتھے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کا سامنا رہا، نئی ومبلڈن چیمپئن ماریون بارٹولی 8 درجے کی چھلانگ لگاکر ساتویں پوزیشن پر آگئیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو جاری ہونے والی نئی اے ٹی پی ورلڈ رینکنگ میں راجرفیڈرر کو ایک دہائی میں پہلی مرتبہ پانچویں پوزیشن پر تنزلی کا شکار ہونا پڑا،ومبلڈن میں ریکارڈ آٹھویں ٹرافی جیتنے کا عزم لے کر شریک ہونے والے پلیئرکو دوسرے راؤنڈ میں یوکرین کے سرگئی اسٹاخوسکی کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی۔

اس سے قبل فیڈرر 23 جون 2003 کو پانچویں پوزیشن پر رہے تھے جس کے 2 ہفتے بعد انھوں نے پہلی مرتبہ ومبلڈن ٹرافی جیت کر اپنے شاندار کیریئر کو عروج پر پہنچایا تھا، سوئس پلیئر اب تک 17 گرینڈ سلم ٹرافیز اپنے نام کرچکے، ومبلڈن فائنل میں شکست کے باوجود سربیا کے نووک جوکووک کی عالمی حکمرانی برقرار ہے۔

ٹرافی کیلیے برطانیہ کی77 سالہ تڑپ ختم کرنے والے اینڈی مرے بدستور دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں، فیڈرر کی دو درجے تنزلی نے اسپینش پلیئرز ڈیوڈ فیرر اور رافیل نڈال کو ایک ایک قدم آگے بڑھا دیا، ڈیوڈ فیرر تیسرے جبکہ نڈال چوتھے نمبر پر آگئے، جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ حسب سابق چھٹے نمبر پر موجود ہیں، ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے سونگا کو پیچھے دھکیل کر ساتویں نمبر پر قبضہ جما لیا، فرنچ پلیئرکو ایک قدم پیچھے ہٹنے کے بعد آٹھویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا، رچرڈ گیسکوئٹ نویں جبکہ سوئس پلیئر اسٹینسلس وارونیکا دسویں نمبر پر رہے، جرمن پلیئر ٹامی ہاس کی 2 درجے ترقی نے انھیں تو 11ویں پوزیشن دلادی تاہم اس کے نتیجے میں ایک ایک قدم پیچھے ہٹنے والے جاپانی پلیئر کائی نیشکوری 12 اور کروشیا کے مارن کلک 13ویں نمبر پر چلے گئے۔



جانکو تیپسروچ، میلوس راؤنک اور نکولس الماگرو حسب سابق بالترتیب 14، 15 اور 16ویں نمبرز پر رہے، ومبلڈن سیمی فائنل تک رسائی پانے والے پولش پلیئرزجیرزی جینووچ نے 5 درجے کی چھلانگ لگاکر 17 ویں پوزیشن حاصل کرلی، جائلز سیمون ایک درجے تنزلی کے بعد 18ویں نمبر پر پہنچ گئے، اسی طرح 2 درجے بہتری نے امریکی کھلاڑی جون اسنر کو 19 ویں پوزیشن پر پہنچا دیا، ارجنٹائن کے جوآن مناکو بغیر کسی ردوبدل کے ٹاپ 20 کے آخری شریک بنے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز اب بھی سب سے آگے ہیں، انھیں ومبلڈن کے چوتھے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس سے ان کی عالمی درجہ بندی پر کوئی فرق نہیں آیا، ماریا شراپووا نے ایک مرتبہ پھر وکٹوریا آذرنیکا کو پیچھے دھکیل کر دوسری پوزیشن سنبھال لی، پولینڈ کی اگنسیکا ریڈوانسکا کے چوتھے نمبر میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔

چینی کھلاڑی لینا نے سارا ایرانی سے پوزیشنز کا تبادلہ کرتے ہوئے پانچواں نمبر حاصل کرلیا، نئی ومبلڈن چیمپئن ماریون بارٹولی ایک ہی جست میں ترقی کے 8 زینے طے کرتی ہوئی ساتویں پوزیشن پر آگئیں، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا کی آٹھویں پوزیشن قائم رہی، جرمن پلیئر اینجلیک کیربر کو 2درجے تنزلی نے نویں پوزیشن پر پہنچادیا، کیرولین ووزینسکی بھی ایک درجے نیچے اترنے کے بعد دسویں نمبر پر چلی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں