اداکارقادرخان شدید علالت کے باعث وینٹی لیٹر پرمنتقل

قادر خان کو سانس لینے میں دشواری کاسامنا ہے جس کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے


ویب ڈیسک December 28, 2018
قادرخان کی صحت مسلسل بگڑتی جارہی ہے، بھارتی میڈیا فوٹوفائل

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار قادر خان ان دنوں شدید بیمار ہیں اور سانس لینے میں دشواری کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔

بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار قادر خان گزشتہ کئی برس سے بیمارہیں تاہم ان دنوں ان کی حالت بہت زیادہ بگڑ گئی ہے اور انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ قادر خان کو سانس لینے میں دشواری کاسامنا ہے جس کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔

قادر خان گزشتہ کئی برس سے اپنے بیٹے سرفراز اوربہو کے ساتھ کینیڈا میں رہ رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق قادرخان نے بیماری کے باعث بات چیت کرنا بند کردی ہے جب کہ ان میں نمونیا کی علامات بھی ظاہر ہورہی ہیں۔

قادرخان کے بیٹے سرفرازنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے والد کو چلنے میں مشکل پیش آتی تھی وہ چلنے میں ڈرتے تھے کہ گرجائیں گے، گزشتہ برس ان کے گٹھنے کا بھی آپریشن ہوا تھا لیکن آپریشن کے بعد بھی ان کے والد نے چلنے سے انکارکردیا تھا اس کے بعد سے ہی ان کی حالت خراب ہوتی چلی گئی۔ سرفراز نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے والد جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ 81 سالہ اداکار قادر خان نے اپنے 43 سالہ بالی ووڈ کیریئر میں 300 فلموں میں کام کیا ہے اور250 فلموں میں مکالمے لکھے ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ منفی کردار بھی بخوبی نبھائے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔